اہم تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل رکھا جائے،ڈویژنل کمشنر فیصل آباد،

اس سلسلے میں حفاظتی ماحول واضح نظر آنے کے علاوہ پس منظر میں بھی سیکورٹی امور کو چوکس رکھا جائے، کیپٹن (ر) نسیم نواز کی ہدایت

بدھ 14 جنوری 2015 23:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر) نسیم نواز نے تاکید کی ہے کہ اہم تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل رکھا جائے اس سلسلے میں حفاظتی ماحول واضح نظر آنے کے علاوہ پس منظر میں بھی سیکورٹی امور کو چوکس رکھا جائے ۔انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں خصوصی طورپر یونیورسٹیز میں حفاظتی انتظامات کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں آر پی او احسان طفیل ‘ ڈی سی او نور الامین مینگل‘سی پی او ڈاکٹر سہیل تاجک ‘ زرعی یونیورسٹی‘جی سی یونیورسٹی اور جی سی وومن یونیورسٹی کے وائس چانسلرز ڈاکٹر اقرار احمد خاں ‘ ڈاکٹر محمد علی ‘ نورین عزیز قریشی ‘ پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج ڈاکٹر محمد علی ترمذی ‘ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن این ایف سی اور دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے سیکورٹی سے متعلقہ جاری کردہ ہدایات و شرائط کی من و عن تعمیل کی جائے اور کنٹرول رومز کے علاوہ سیکورٹی سکوارڈز کو بھی فعال و متحرک رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی مشکوک حرکات و سکنات اور سیکورٹی خدشات کے بارے میں اطلاعات پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے شیئر کریں ۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے یونیورسٹیز کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا لہذا تمام سٹاف ‘ کیفے ٹیریا ‘ کینٹین پر کام کرنے والے افراد کی سیکورٹی کلیرنس ضرور حاصل کریں ۔ انہوں نے تجربہ کار سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی اور ان کی استعداد میں اضافہ کے لئے ٹریننگ کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ آر پی او احسان طفیل نے کہا کہ اسلحہ کی دیکھ بھال ‘ احتیاط اور استعمال انتہائی اہمیت کا کام ہے لہذا پولیس ماہرین کے ذریعے گارڈز کی تربیت کا بندوبست کیا گیا ہے ۔

انہوں نے حفاظتی انتظامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضروری امور سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی داخلی و خارجی راستہ رکھا جائے اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال اور سکریننگ میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔ ڈی سی او اور سی پی او نے ضلع میں تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کٹیگری اے پلس اور اے کے حامل تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کی شرائط پر سو فیصد عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی چیک کرنے کے لئے موک ایکسرسائز کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے حکومتی ہدایات کے مطابق حفاظتی امور کو مزید سخت کرنے کے لئے اضافی اقدامات سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :