دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہے ،سدباب کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر حکمت عملی تشکیل دینی ہو گی، عبد القادر بلوچ ،

وفاقی حکومت کے ساتھ آزاد کشمیر حکومت کے خوشگوار تعلقات ہیں ،صدر آزاد کشمیر سر دار یعقو ب خان

بدھ 14 جنوری 2015 23:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمدیعقوب خان سے وفاقی وزیر برائے ریاستیں اور سرحدی امور جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے گزشتہ روز یہاں صدراتی سیکرٹریٹ کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال دہشتگردی کیخلاف جنگ ، پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب ، دہشتگردوں کو فوری سزائیں دلانے کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے سردار محمدیعقوب خان کی ہمشیرہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی اور مرحومہ کی مغفرت اور ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہے جس کا سدباب کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر دور رس نتائج کی حامل جامع حکمت عملی تشکیل دینی ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت سے مکمل تعاون کیا اور اتفاق رائے سے آئینی ترمیم ہونا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام اور پھانسی کی سزاؤں پر عملدرآمد سے دہشتگردوں میں خوف پیدا ہو گا اور جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صورتحال بہت بہتر ہے جس میں ہمارے عوام اور علماء کرام کا بہت نمایا ں کردار ہے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ آزاد کشمیر حکومت کے خوشگوار تعلقات ہیں وزیراعظم پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اصولی موقف پر قائم ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اس موقع پر صدارتی مشیر سردار عنایت اللہ عارف ، سردار الطاف حسین اور دیگر بھی موجود تھے بعد ازاں صدر آزاد کشمیر سے خاتون رہنما شہناز لیاقت شاہین نے ملاقات کی اور اپنے علاقہ کے مسائل سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :