امریکہ بھارت کو مستحکم کرنے کیلئے تجارت کو فروغ دے رہا ہے ،حاجی عبدامالک ٹالپر،

دونوں ممالک پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہیں،صوبائی ناظم جے یو آئی

بدھ 14 جنوری 2015 23:21

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) امریکہ بھارت کو مستحکم کرنے کے لیے وہاں تجارت کو فروغ دے رہا ہے، امریکہ اور بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے ناظم حاجی عبدالمالک ٹالپر نے جیکب آباد میں جے یو آئی کے رہنما ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو کم اور بھارت کو زیادہ امداد دیکر پاکستان کو بلیک میل کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں بڑی قربانی دی ہے مگر اس کے باوجود امریکہ پاکستان دشمنی پر مبنی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے ، انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا دورہ پاکستان صرف مدارس اور علماء کرام کے خلاف کاروائی کے لیے ہے، جے یو آئی مدارس کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے حقوق کو غضب کیا جارہا ہے سندھ کے قدرتی وسائل پر وفاق قابض ہے اور مالدار سندھ کے لوگ بھوک سے مررہے ہیں ،تھر میں معصوم بچوں کی اموات کا سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے مگر بچوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا جارہا ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھر کے معصوم بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے کر تھر کی عوام کو سہولیات فراہم کیں جائیں ، اس موقع پر مولانا عبدالجبار رند، حاجی وسیم کھوسو، حماد اللہ انصاری، عباس بنگلانی، نور خان چھجن، تاج محمود امروٹی، محمد موسیٰ مہر اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :