وزیراعلیٰ پنجاب کا شادی ہال کی دیوار گرنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان،

جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5، 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل ،48 گھنٹے میں رپورٹ پیش کریگی، وزیراعلیٰ کا گوجرانوالہ میں گھر کی چھت گرنے سے 2کمسن بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہارافسوس

بدھ 14 جنوری 2015 23:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور کے علاقے شاد باغ میں شادی ہال کی دیوار گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5، 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی آئندہ 48 گھنٹے میں افسوسناک واقعہ کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی میں رکن قومی اسمبلی پرویز ملک، اراکین صوبائی اسمبلی غزالی بٹ، چوہدری شہباز احمد، ڈی سی او لاہور، ڈی جی 1122 اور ای ڈی او ورکس شامل ہوں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ کے علاقے رمضان پورہ میں گھر کی چھت گرنے سے 2کمسن بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی اوراظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو ہسپتال میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔