وزیراعلیٰ پنجاب سے معروف مینجمنٹ کنسلٹنٹ گروپ مکینزے کے وفد نے ملاقات،

صوبے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے گڈگورننس اورخدمات کی بہترین انداز میں فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے،شہبازشریف

بدھ 14 جنوری 2015 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں معروف مینجمنٹ کنسلٹنٹ گروپ مکینزے کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں مکینزے کے ہینس مارٹن سٹاک مائیر، کنٹری منیجرپاکستان سلمان احمد، علی مالک اور تیمور خان شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ صوبے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے گڈگورننس اورخدمات کی بہترین انداز میں فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے ۔

آئندہ ساڑھے تین برس کے دوران اہم سماجی شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائیں گے۔ تعلیم،صحت،زراعت،لائیوسٹاک،فنی تعلیم،اربن ڈویلپمنٹ،امن عامہ اوردیہی علاقوں کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب گرین روڈ پروگرا م کے تحت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ بنایاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال کے دوران خادم پنجاب گرین روڈ پروگرام کیلئے15ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اہداف طے کر کے ان کے حصول کیلئے بھر پور اقدامات کرنا ضروری ہے ۔عزم اورمحنت سے ضائع شدہ وقت کاازالہ کیا جائے گا۔2018ء تک20لاکھ نوجوانوں کو فنی تعلیم دینے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں ۔صوبے کی جی ڈی پی میں اضافے کیلئے اہداف مقررکیے گئے ہیں ۔سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔

انہوں نے چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات کی سربراہی میں متعلقہ محکموں کے حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے اراکین مکنیزے کے ساتھ ملکر سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کریں اور اہداف طے کر کے ان کے حصول کیلئے ٹائم لائن مقررکی جائے۔اس موقع پرصوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق، اراکین اسمبلی ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، زعیم حسین قادری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹریز صنعت، اطلاعات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، چیئرمین پی وی ٹی سی، چیئرمین ٹیوٹا، ڈی جی ایل ڈی اے اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :