مسلم لیگ ن کے سینئر رکن پارلیمنٹ رائے منصب علی کی وفات پر قومی اسمبلی اجلاس 1 روز کیلئے ملتوی ،

یہ ایوان سینئر رکن کی رحلت پر غمگین اور سوگوار ہے،ان کی پارلیمانی‘ سیاسی و سماجی خدمات یاد رکھی جائیں گی؛‘ ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید

بدھ 14 جنوری 2015 23:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) قومی اسمبلی‘ مسلم لیگ ن کے سینئر رکن پارلیمنٹ رائے منصب علی کی وفات پر اجلاس 1 روز کے لئے ملتوی کر دیا گیا‘ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ یہ ایوان سینئر رکن کی رحلت پر غمگین اور سوگوار ہے‘ انکا خلا مشل سے پر ہو گا لیکن ان کی پارلیمانی‘ سیاسی و سماجی خدمات یاد رکھی جائیں گی‘ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ رائے منصب ایک اچھے دوست اور سینئر رکن قومی اسمبلی تھے‘ مسلم لیگ ن‘ پیپلزپارٹی‘ جے یو آئی (ف)‘ جماعت اسلامی‘ ایم کیو ایم‘ پختونخوا ملی سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کا رائے منصب کو خراج عقیدت‘ مولانا وحید نے دعائے مغفرت کرائی۔

ایوان میں پہلے رائے منصب کی صحت یابی بعد ازاں وفات کی تصدیق پر دعائے مغفرت کرائی گئی۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس جاری تھا کہ وزیر مملکت پارلیمان اور شیخ آفتاب نے ایوان کو آگاہ کیا کہ رائے منصب علی وفات پا گئے ہیں وہ ایک بہترین سیاستدان کے ساتھ ساتھ اچھے انسان تھے جن کی سیاسی‘ قومی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر رانا تنویر الحقن نے کہا کہ وہ سینئر رکن پارلیمنٹ تھے ان کی خدمات صرف سیاست نہیں صحافت میں بھی تھیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے استدعا کی کہ ایوان کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اجلاس کو ملتوی کر دیا جائے۔ پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالستار باچانی نے اس موقع پر کہا کہ رائے منصب ایک پرانے اور سینئر رکن قومی اسمبلی تھے ہم دعا گو ہیں کہ ان کی آخرت منزلیں آسان ہوں‘ وفاقی وزیر چوہدری برجیس نے کہا کہ میرا اور ان کا ضلع ایک تھا میرے لئے یہ دن انتہائی سوگوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رائے منصب ایک تاریخی ورثے کے مالک تھے۔ انہوں نے کہا کہ رائے منصب ایک اثاثہ تھے‘ ایم کیو ایم کے رکن آصف حسنین نے کہا کہ رائے منصب ایک پرانے پارلیمنٹیرین تھے اور پارلیمنٹ کا ستون تھے ایم کیو ایم کے قائد اور … کی طرف سے اظہار تعزیت پیش کرتے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی مولانا امیر زمان نے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان کی مغفرت کے لئے دعا کی جائے۔

جماعت اسلامی کے پارلیمانی سربراہ صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی رائے منصب علی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ ایک سینئر رکن پارلیمنٹ تھے جن کے خلا کو پر کرنا مشکل ہو گا بعد ازاں ڈپٹی سپیکر نے ایوان کی جانب سے کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان انتہائی افسوس کا اظہار کرتا ہے‘ یہ ایوان غمگین ہے ان کی کمی تو شاید پوری نہ ہو سکے لیکن ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا بعد ازاں انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی مولانا امیر زمان سے دعائے مغفرت کے لئے کہا جنہوں نے ان کی درجات کی بلندی کے لئے دعا کرائی جس کے ساتھ ہی ایوان کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ایوان کو آج (جمعرات) 11بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس (قومی اسمبلی‘ سینیٹ) کی روایت ہے کہ جب بھی کوئی رکن پارلیمنٹ وفات پا جائے تو اس کے غم میں اگر ایوان چل رہا ہو تو اس کا اجلاس 1 دن کے لئے ملتوی کر دیا جاتا ہے اور اگر اجلاس جاری نہ ہو تو آنوالے اجلاس کے پہلے روز دعائے مغفرت کے سوا معمول کی کارروائی معطل کر دی جاتی ہے۔ قبل ازیں جیسے ہی اجلاس شروع ہوا تلاوت کلام پاک کے بعد قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ رائے منصب علی مسلم لیگ ن کے سینئر رکن قومی اسمبلی تھے جو اب ہم میں نہیں ہیں وہ ایک اچھے دوست تھے۔

ان کے سوگ میں معمول کی کارروائی معطل کر کے اجلاس کو روایت کے مطابق ایک روز کے لئے ملتوی کر دیا جائے جس پر ڈپتی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی‘ چودھری برجیس طاہر اور رانا تنویر نے کہا کہ فی الوقت وہ قومہ میں ہیں ان کی وفات کی تصدیق نہیں ہوئی جس پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار سید یوسف سے دعائے صحت کے لئے دعا کرائی گئی لیکن جب وقفہ سوالات میں ایوان کی کارروائی جاری تھی کہ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب نے ایوان کو سوگوار خبر سے آگاہ کیا کہ رائے منصب اس دنیا فانی سے رحلت فرما گئے ہیں جس پر پارلیمانی جماعتوں نے رائے منصب کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا بعد ازاں ان کی مغفرت کے لئے دعا کرائی گئی۔