بالائی علاقوں سمیت مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ،

سیاحی مقامات پر سیاحوں کا رش بڑھ گیا ،سیا ح برفباری کے مناظر دیکھنے کیلئے مری ،مالم جبہ پہنچ گئے بارش سے کھانسی ، نزلہ زکام اوردیگر موسمی بیماریوں سے نجات مل جائیگی‘شہری

بدھ 14 جنوری 2015 22:54

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء ) .پاکستان میں بالائی علاقوں سمیت مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سندھ میں موسم خشک اور ہلکا سرد ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گزشتہ روز پہاڑوں پر برفباری جبکہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ، جس کے بعد ضلع بھر میں موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔سوات کے تفریحی مقامات کالام اور مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔

حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاح ان مقامات کی جانب کھنچے چلے آرہے ہیں۔مری میں سردیوں نے رنگ جما لیا، موسم کی پہلی برف باری نے شہریوں اور سیاحوں کا جوش گرما دیا۔اسلام آباد میں موسم سرما کی بارش آخر ہو ہی گئی۔سرد موسم کی پرواہ کئے بغیر شہری برسات کے مزے لیتے رہے۔

(جاری ہے)

گرما گرم پکوڑوں سے بھی طبیعت بہلائی ادھر لاہور میں بھی لاہو ر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا،شہریوں نے بارش ہونے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

لاہورمیں منگل سے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری رہی شہر اور اس کے گردونواح میں بارش ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے ہ وہ کئی دنوں سے بارش کا انتظار کررہے تھے ، اب انہیں کھانسی ، نزلہ زکام اوردیگر موسمی بیماریوں سے نجات مل جائیگی۔۔لاہو ر کے مختلف علاقوں میں شام ہونے والی بونداباندی نے رات گئے تیز بارش کی شکل اختیار کرلی ، فضانکھر نکھر گئی ، بارش کے منتظر شہریوں میں خوشی میں لہر دوڑ گئی۔

اْدھر پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔فیصل آباد میں وقفے وقفے سے ہونے والی بونداباندی سے دھند ختم ہوگئی ہے، موسم سرد ہوا تو چائے کے ہوٹلوں اور یخنی کی دکانوں پر رش بھی بڑھ گیا۔سرگودھا میں صبح سے بادل وقفے وقفے سے برستے رہے جس سے شہر کا سرد موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا۔منڈی بہاوٓالدین،جھنگ،چیچہ وطنی اور دیگر شہروں میں بھی بادل برستے رہے۔

شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن ، زیارت ، پشین ، بوستان ، خانوزئی اور دیگر مقامات پر طویل خشک سالی کے بعد ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی۔سرد ہوائیں چلیں، تو شہریوں نے بھی گھروں کے اندر رہنے کو ترجیح دی۔باجوڑ ایجنسی اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے ساتھ ہی موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :