پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاداحترام اور دوطرفہ تعاون پر ہے،گورنر پنجاب ،

پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ملک ہے جس نے دنیا میں قیام امن کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے، جنوبی کوریا کے طلباء و طالبات کے وفد سے گفتگو

منگل 13 جنوری 2015 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ملک ہے جس نے دنیا میں قیام امن کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے - انہو ں نے کہا کہ اس تیز رفتار دور میں کوئی بھی ملک تنہا آگے نہیں بڑھ سکتا دوسرے ملکوں کے ساتھ برابری کی سطح پر بہتر تعلقات اور تعاون ہی کامیابی کازینہ ہے ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پاکستان کے مطالعاتی دورے پر آئے جنوبی کوریا کے طلباء و طالبات کے پچاس رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سے خصوصی ملاقات کی ،گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی کوریا نے تقریبا ہر شعبے میں ترقی اور کامیابی کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں اور ان کی ترقی یقینا ان کے دوست ملکوں کے لیے خوشی اور تقلیدکا باعث ہے - انہو ں نے کہاکہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاداحترام اور دوطرفہ تعاون پر ہے-انہو ں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں جنوبی کوریا کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے اور خصوصا توانائی ، مواصلات اور ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کو نئی وسعت دینا چاہتا ہے - انہو ں نے کہا کہ ان حالات میں جنوبی کوریا کے طلباء و طالبات کا مطالعاتی دورے پر پاکستان آنا درحقیقت ان کی پاکستان سے محبت اور پسندیدگی کی عملی مثال ہے،چوہدری محمد سرورنے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے ، خصوصا طلباوطالبات کے وفود کے تبادلو ں سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مدد ملے گی اور ایک دوسرے کے تجربات سے بہتر طریقے سے استفادہ کیا جا سکے گا - گورنر پنجاب نے انہیں پاکستان کے اہم تقافتی شہر لاہور آنے اور گورنر ہاؤس کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ زندہ دلان لاہور سے حسین یادیں لے کر جائیں گے جو زندگی بھر ان کے ساتھ رہیں گی-اس موقع پر جنوبی کوریا کے طلباء و طالبات نے پاکستان کے اپنے دورے کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر انہیں ایسے محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ اپنے ہی گھر میں ہیں ،بعد ازاں ، معروف صحافی ، قلم کار اور مصنف نسیم صدیقی کی کتاب” نقشِ قلم“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ لکھاری اور دانشور درحقیقت معاشرے کا ذہن اور دماغ ہیں جو اپنی تحریروں کے ذریعے عوام کے خیالات اور سوچوں کو وسعتیں بخشتے ہیں - انہو ں نے کہا کہ اہل قلم معاشرے کا حساس طبقہ ہے جن کا احساس کرنا ہر خاص و عام پر فرض ہے یہی وجہ ہے کہ میں دانشورو ں کی تقریب میں شرکت کو اپنے لیے بھی باعث افتخار سمجھتا ہوں - انہو ں نے کہا کہ سولہ دسمبر کے اندوہناک واقعہ نے شجاعت و بہادری کی ایک نئی مثال بھی قائم کی ہے جب دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا تو سکول کے پرنسپل اور دیگر اساتذہ نے وہاں سے بھاگنے کی بجائے بچوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان دے دی ، گورنر پنجاب نے کہا کہ جس قوم میں طاہرہ قاضی ، صائمہ زریں ، سعدیہ گل اور سحر افشاں جیسی بہادر بیٹیاں ہو ں اس قوم کو بزدل دہشت گرد ڈرا دھمکانہیں سکتے ،انہوں نے کہا کہ نسیم صدیقی نے اپنی کتاب میں اہم ملکی معاملات کو بڑے حسین انداز میں الفاظ کا جامہ پہنایا ہے اور ان کی تحریروں کو پڑھتے ہوئے قاری پر نئے بھید کھلتے ہیں - انہو ں نے کہا کہ نسیم صدیقی نے ملکی مسائل پر محض قلم کاری ہی نہیں کی بلکہ ان کے حل کے لیے حکام بالا کو تجاویز بھی دی ہیں - گورنر پنجاب نے کہا کہ نسیم صدیقی کی کتاب علم کے متلاشیوں کے لیے سرمایہ ہے جسے پڑھ کر علمی اور ادبی تشنگی دور ہو جاتی ہے اور یقینا یہ کتاب نہ صرف موجودہ لکھاریوں کے ذہنوں کو سوچ کے نئے زاوئیے دے گی بلکہ طلباء و طالبات کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہو گی-تقریب سے معروف دانشور مجیب الرحمان شامی ، جاوید شوکت اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور نسیم صدیقی کی کتاب کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی -صاحب کتاب نسیم صدیقی نے کہا کہ ان کی کتاب درحقیقت کئی سالوں پر محیط ان کے صحافتی تجربے کا عکس ہے ۔

متعلقہ عنوان :