خیبرپختونخو ااسمبلی اجلاس ،لواری ٹنل کی بندش ،چترالی کے باشندوں کودرپیش مسائل پر بحث

منگل 13 جنوری 2015 23:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء)خیبرپختونخو ااسمبلی اجلاس میں لواری ٹنل کی بندش اورچترالی کے باشندوں کودرپیش مسائل پر بحث ہوئی،عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے کہاہے کہ لواری ٹنل کی بندش کے باعث ہزاروں لوگ دونوں اطراف سے پھنسے ہوئے ہیں اس حوالے سے صوبائی اسمبلی نے ایک قرار داد پاس کی تھی لیکن اس قرار داد پر عمل درآمد نہیں ہورہاہے یہ بات انہوں نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا سرداربابک نے کہاکہ لواری ٹنل کو پیر کے روز سے بند کیا گیا ہے صوبائی اسمبلی نے تین ماہ قبل بھی ایک قرارداد پیش کی تھی کہ لواری ٹنل کو ہفتے میں دو یا تین روز میں کھولا جائے لیکن اس قرارداد پر عملدرآمد ہورہا ہے اورنہ ہی این ایچ اے اور تعمیراتی کمپنی سامبا کے کانوں پرجوں تک رینگتی ہے ۔

(جاری ہے)

چترال سے رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی  سلیم خان  شوکت یوسفزئی اور دیگر اراکین اسمبلی نے سردار حسین بابک کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے عوام کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب نے کہا کہ دو ہفتے قبل این ایچ اے کے چیئرمین کی وزیراعلیٰ سے ملاقات ہوئی تھی اور انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ لواری ٹنل کو کھولا جائے گا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت چترال کے لواری ٹنل کے دونوں جانب دو یا تین بلڈوزر تعینات کرے گی جو راستہ کو صاف کریں گے ۔