تھر میں غربت وافلاس سے ابتک سات سو بچے موت کے منہ میں جاچکے ہیں،ممتاز حسین سہتو،

وزیراعظم کی جانب سے غیر ملکی سیر سپاٹوں پر قوم کے خون پسینہ سے جمع کی گئی رقم سے 35کروڑ روپے خرچ کرنا سراسر ظلم ہے، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی سندھ

منگل 13 جنوری 2015 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو نے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کے 21غیر ملکی دوروں پر 35کروڑ12لاکھ روپے خرچ کرنے پر گھری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یک غریب ملک کے وزیراعظم کی جانب سے صرف غیر ملکی سیر سپاٹوں پر قوم کے خون پسینہ سے جمع کی گئی رقم سے 35کروڑ روپے خرچ کرنا سراسر ظلم ہے۔

تھر میں غربت وافلاس سے ابتک سات سو بچے موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کی وجہ سے لوگ خودکشیاں اور اپنے بچوں کے گردے بیچنے پر مجبور ہیں دوسری طرف حکمرانوں کی شاہ خرچیاں بے حسی اور انسانیت دشمنی کی کھلی مثال ہیں، یہ وہ اعداد وشمار ہیں جو کہ قومی اسمبلی کے رکارڈ پر لائے گئے ہیں باقی اس کے علاوہ ہونگے۔

(جاری ہے)

صوبائی رہنما نے زور دیا کہ حکمران ہوش کے ناخن اور پاکستان کے غریب عوام کے حال پر رحم کرتے ہوئے غیر ترقیاتی اخراجات سمیت شاہ خرچیاں ختم کی جائیں۔

دریں اثناء ممتاز حسین سہتو نے وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے ریلوے کے کرایوں میں پانچ فیصد کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :