دہشت گردی سیرت طیبہ سے دور ی کا نتیجہ ہے‘ پیر اعجاز ہاشمی

منگل 13 جنوری 2015 23:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء)جمعیت علما ء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ بدامنی اور دہشت گردی پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ سے دور ی کا نتیجہ ہے۔ سیرت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اسلا م کے نام پر مذہب اور پاکستان کے دشمن لوگوں کے گلے کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایسے لوگ مذہب کا نام استعمال کرتے ہیں، جن کا اسلام سے دور کا بھی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ اسلام تو امن رواداری اور تحمل کا درس دیتا ہے۔ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے لوگ محفوظ رہیں۔ مگر یہاں اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کے لئے نجی جتھے قائم ہوچکے ہیں۔ اختلاف رکھنے والوں کو قتل کردیا جاتا ہے۔ یہ اسلام نہیں فساد ہے۔ جے یو پی کے سربراہ نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانے کے وعدے پر بنائے جانے والے پاکستان میں اسلام کے نفاذ میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمران ہیں۔ جو سیکولرازم کو فروغ دے کر دہشت گردوں کو اسلام کا نام لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔