شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کو تیز کیاجائے خصوصاً بڑی سڑکیں، فٹ پاتھوں پر رکاوٹوں کو دور کیا جائے،ثاقب احمد سومرو

منگل 13 جنوری 2015 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء)ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کو تیز کیا جائے خصوصاً بڑی سڑکیں، فٹ پاتھوں پر رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور شہریوں کے گزرنے کے راستوں کو صاف کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے شہریوں کو دشواریاں ہو رہی ہیں اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی نگرانی میں فیڈرل بی ایریا گلبرگ بلاک 7 عائشہ منزل پر تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے ٹھیلے، پتھارے اور آٹو مکینک شاپس کے سامنے ڈینٹنگ پینٹنگ کے لئے ناجائز طور پر کھڑی کی گئی گاڑیوں کو ہٹا کر اسٹور میں جمع کرادیا گیا۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خلاف کی گئی اس کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی ۔ تجاوزات کے خلاف کی گئی کارروائی میں کسی قسم کی مزاحمت نہیں ہوئی اس موقع پر محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان نے تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو تنبیہ کی کہ وہ تجاوزات قائم کرکے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا نہ کریں اور آئندہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اگر یہ تجاوزات دوبارہ قائم کی گئیں تو محکمہ دوبارہ ان تجاوزات کو مسمار کردے گا اور کسی بھی نقصان کی صورت میں دکاندار اور تجاوزات قائم کرنے والے خود ذمہ دار ہوں گے۔