بچے قوم کا مستقبل ہیں، ان کی حفاظت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ‘ ڈاکٹر فرخ جاوید،

صوبائی وزیر زراعت کا تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ،طلباء، اساتذہ اور سکیورٹی پر معمور اہلکاروں سے گفتگو کی

منگل 13 جنوری 2015 23:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) وز یراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پروزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گوجرہ ،ڈویژ نل ماڈل سکول اور مشنری سکول کانونینٹ آف جیسزاینڈ میری سمیت متعددسکولوں کا دورہ کیااور حالات کے پیش نظرسیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیرزراعت نے سکولوں میں مختلف کلاس رومز میں جاکر طلبہ و طالبات سے گفتگوکی ۔انہوں نے طلبہ کے بلند حوصلے اور تعلیم حاصل کرنے کی لگن کی تعریف کی۔انھوں نے طلبہ کو بتایا کہ یہ تمام سیکورٹی انتظامات ان کی حفاظت کے لیے کئے جارہے ہیں۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے سکولوں کی انتظامیہ اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلے تربیت دی جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے سکولوں کی بیرونی دیواروں ،داخلی راستوں کا جائزہ لیااور ہدایت کی کہ گیٹ کے ساتھ ساتھ چھتوں پر بھی حفاظتی چوکیاں قائم کی جائیں۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے ہدایت کی کہ خوف کی فزا کو کم کیاجائے اور سکیورٹی اہلکاروں اور طلباء کے مابین دوستی کا رشتہ قائم کیا جائے تاکہ یہ خود کو مزید محفوظ تصور کریں۔ عد ازاں صوبائی وزیر زراعت نے ڈی سی او آفس کا دورہ کیا جہاں ڈی سی او وقاص عالم نے وزیر زراعت کو ضلع میں اٹھائے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر ایم پی اے عبدالقدیر اعوان، ڈی ایس پی مہر سعید راؤ، ڈی ایم او آصف ڈوگر، اے سی واسع بشیر ، ای ڈی او ایگریکلچر چوہدری مشتاق، ای ڈی او تعلیم مسز نجمہ کوثر، ڈی او ایگریکلچر شاہد بخاری اور متعلقہ محکموں کے افراد بھی موجود تھے۔ وزیر زراعت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کل 1208سکول موجود ہیں جنہیں رسک کے اعتبار سے تین کیٹیگری اے پلس، اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ضلع کے 923سکولوں کی بیرونی دیواریں مکمل طور پر تعمیر شدہ ہیں۔ باقی سکولوں کی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ 60حساس سکولوں کی بیرونی دیواروں پر خار دار تاریں بھی لگائی جا چکی ہیں۔ 42سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا چکے ہیں اور بقیہ کے لئے خریداری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ضلع کے کل 818سکولوں میں میٹل ڈیٹیکٹرموجود ہیں اور 390سکولوں کے لئے میٹل ڈیٹیکٹرکا آرڈر دے دیا گیا ہے۔

ڈی سی او نے بتایا کہ سکولوں کے 705 اساتذہ اور سٹاف ممبران کو ریسکیو اور سول ڈیفنس کی تین روزہ تربیت دی جا چکی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرخ جاوید نے ہدایت کی کہ سکولوں کے لئے گارڈز کی بھرتی میں ریٹائرڈ فوجیوں کو ترجیح دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سکیورٹی پر معمور اہلکاروں کی بندوقیں فنگشنل ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ علماء، کاروباری حضرات اور تمام مکاتب فکر کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں سکیورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہ کی جائیگی۔