ملک میں امن کے قیام کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں ،آفتاب احمد خان شیرپاوٴ ،

پاکستان اور افغانستان کے تعاون ہی سے خطے میں امن قائم کیا جا سکتا ہے ،دونوں ہمسایہ ممالک کو ملکر امن کے قیام ،پختونوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا، چیئرمین قومی وطن پارٹی

منگل 13 جنوری 2015 23:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں کیونکہ قوم امن کے پائیدار قیام کیلئے قائم اتفاق رائے کھونے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز بٹگرام شبقدر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سید کریم خان،گلزار خان،طارق خان،احمد اللہ اورنثار خان نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول سانحہ کے بعد پوری قوم متحد ہو چکی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اس موقع کو کسی صورت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

افغانستان کے حالیہ دورہ کے حوالے سے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعاون ہی سے خطے میں امن قائم کیا جا سکتا ہے لہٰذا دونوں ہمسایہ ممالک کو مل کر امن کے قیام اور پختونوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا۔

انھوں نے 16دسمبرکے سانحہ کے حوالے سے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک مہینہ گزرنے کے باوجود اس واقعہ کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہاکہ آرمی پبلک سکول کھولنے کے موقع پراورطلباء کے حوصلے بڑھانے کیلئے صوبے کے وزیراعلیٰ کو وہاں پرموجود ہونا چاہیے تھا ۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پختونوں اور صوبے کی ترقی میں کسی طوربھی مخلص نہیں کیونکہ دوسالہ دور اقتدار میں صوبے میں کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کرسکی اور نہ ہی اپنے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عملی کوشش کی۔

انھوں نے کہا کہ میرٹ اور انصاف کے نعرے لگانے والی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے نہ صرف پختونوں کے حقوق و تحفظ کو پس پشت ڈال دیا ہے بلکہ منتخب نمائندوں کوبھی ترقیاتی فنڈز میں نظر انداز کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قبائلی عوام اور علاقے مسائل دو چار ہیں لہٰذا ان کی پسماندگی اور مایوسی کے خاتمہ کوترجیح دی جائے۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ،صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے چےئرمین ارشد خان عمرزئی ایم پی اے،جنرل سیکرٹری ظفر علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔