وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مشائخ عظام کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ

منگل 13 جنوری 2015 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی صدارت تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام او رمشائخ عظام کے آج ہونے والے اجلاس میں درج ذیل مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا ،” تمام مکاتب فکر کے مقتدر علماء کرام کے اجلاس میں ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پارلیمنٹ کی منظور کردہ قومی پالیسی کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں سانحہ پشاور کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی بدترین واردات قرار دیا گیا اور شہدا ء کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ان کے خاندانوں اور پسماندگان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ شہداء پشاور کے مقدس خون نے پوری قوم کو یکجہتی اور ہم آہنگی کا جو نیا رخ دیا ہے وہ قومی تاریخ کا ایک اہم باب ہے اور ان شہداء کی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کی سیاسی ، عسکری اور دینی قیادت نے جس ہم آہنگی کا اظہار کیا ہے اس سے قوم کو یہ اطمینان حاصل ہوا ہے کہ اب دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گا اور ملک اتحاد اور سلامتی کی منزل کی طرف واپس لوٹ جا ئے گا۔جبکہ پشاور کے فوراً بعد محفل میلاد راولپنڈی اور لورالائی میں ایف سی پر دہشت گردی کی ورداتیں بھی اسی شرمناک دہشت گردی کا حصہ اور قابل مذمت ہیں۔

اجلاس کے شرکا ء قومی قیادت کو اس جنگ میں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور تمام دہشت گردوں کو خواہ وہ کسی بھی حوالے سے ملک کے امن کو تباہ کر رہے ہیں ، کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔اجلاس کے شرکاء اس امر کا اظہار بھی ضروری سمجھتے ہیں کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور مساجد و مدارس نے ہمیشہ امن کی تعلیم دی ہے اور مجموعی طور پر مساجد و مدارس کا دہشت گردی میں کوئی کردار نہیں ہے۔ البتہ جو بھی ادارے کسی جگہ بھی دہشت گردی میں ملوث ثابت ہوں ان کے خلاف کارروائی نہ صرف قومی امن کے لیے ضروری ہے بلکہ اسلامی تعلیمات کا آئینہ دار بھی ہوگی “۔

متعلقہ عنوان :