ملتان میں سابق چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے بھتیجے کے گھر ہونے والے ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی کی واردات کا سراغ لگانا ملتان پولیس کیلئے ایک معمہ بن گیا

منگل 13 جنوری 2015 12:29

ملتان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء) ملتان میں پیر کو سابق چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے بھتیجے کے گھر ہونے والے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات کا سراغ لگانا ملتان پولیس کیلئے ایک معمہ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈیڑھ کروڑ کی اس ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 65 لاکھ روپے کے طلائی زیورات‘ 35 لاکھ کی ہیرے کی انگوٹھی‘ لاکھوں روپے کی نقدی اور پرائز بانڈ لوٹ کر فرار ہوگئے تھے جن کی فوری گرفتاری کیلئے ملتان پولیس نے ضلع بھر کی ناکہ بندی کرائی تھی مگر پولیس چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود نامعلوم ملزموں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے جبکہ آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے بھی سابق چیف جسٹس مسٹر جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے بھتیجے کے گھر ہونے والی ڈکیتی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان چوہدری سلطان احمد گجر کو فوری سراغ لگانے کا اور ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے جس کیلئے سی پی او ملتان نے اعلی پولیس افسران کی سربراہی میں دو تحقیقاتی ٹیمیں مقرر کردی ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان میں گذشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے ڈاکو راج ہے اور شہر میں اب تک ڈکیتی کی سینکڑوں وارداتیں ہوچکی ہیں جن میں عوام کروڑوں روپے مالیت کی نقدی و زیورات سے محروم ہوچکے ہیں۔