پاکستان پیپلز پارٹی رجسٹریشن کیس ،

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر سمیت تمام فریقین کو آخری وارننگ جاری کر دی ، ڈیڑھ سال سے کیس چل رہا ہے فریقین کی جانب سے عدالت میں جواب داخل نہیں کرایا جارہا عدالتوں کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے ،جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ریما رکس

پیر 12 جنوری 2015 23:27

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے سینیٹر صفدر عباسی کی اہلیہ ناہید خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدراور پارٹی کے دیگر فریقین کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرانے کے احکامات جاری کردیئے ۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ڈیڑھ سال سے عدالت میں کیس چل رہا ہے فریقین کی جانب سے عدالت میں جواب داخل نہیں کرایا جارہا عدالتوں کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے عدالت نے جہانگیر بدر و لطیف کھوسہ کے وکلاء کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئندہ پیشی پر عدالت میں جواب داخل کرائیں عدالت کیس کا فیصلہ آئندہ پیشی پر سنائے گی ۔

(جاری ہے)

پیر کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے ناہید خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل ذوالفقار ملوکا عدالت عالیہ میں پیش ہوئے ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کئی سالوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے کیس زیر سماعت ہے اور فریقین کی جانب سے عدالت میں جواب داخل نہیں کرایا جارہا ۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ شکر کریں اس مسئلے کا ڈی چوک والوں کو پتہ نہیں چلا جبکہ لطیف کھوسہ اور جہانگیر بدر کی جانب سے جونیئر وکیل پیش ہوئے انہوں نے عدالت سے جواب داخل کرانے کیلئے مزید مہلت طلب کی ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کی جانب سے عدالت کے ساتھ مذاق کیاجارہا ہے ڈیڑھ سال سے کیس زیر سماعت ہے اور فریقین اپنا جواب داخل نہیں کرارہے عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر اور دیگر فریقین کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ آئندہ پیشی پر عدالت میں جواب داخل کرایا جائے اور عدالت موجودہ مواد کے مطابق اپنا فیصلہ سنا دے گی ۔

واضح رہے کہ سینیٹر صفدر عباسی کی اہلیہ ناہید خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک این جی اوز کے الفاظ کہنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا اوردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہداء کی جماعت ہے جس میں دو سابق وزیراعظم کے شہداء کا خون بھی شامل ہے پارٹی کے لئے ہزاروں کارکنوں نے قربانیاں دی ہیں اور کوڑے بھی کھائے ہیں جبکہ پارٹی کے صدر کی جانب سے ایک این جی اوز کے الفاظ کہنا پارٹی ورکروں کی توہین کرنے کے مترادف ہے ناہید خان نے پی پی کی رجسٹریشن کیلئے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کررکھا ہے اور موجودہ پٹیشن میں بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے ۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ چھ سال سے یہ کیس زیر سماعت ہے اب عدالت کے ساتھ مزید مذاق کرنے کی ضرورت نہیں فریقین اپنا جواب عدالت میں جمع کروائے اور عدالت عالیہ آئندہ پیشی پر اس کیس کا فیصلہ جاری کرے گی مذکورہ احکامات کے بعد عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت بائیس جنوری تک ملتوی کردی ۔