Live Updates

پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ ‘ انتخابی اتحاد کا فیصلہ دونوں جماعتوں کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں ہوا ،

دونوں جماعتیں مشترکہ امیدوار کھڑے کریں گی ضلع‘ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر امیدوار کھڑے کرنے کا حتمی فیصلہ اور لائحہ عمل بعد میں طے کیا جائے گا، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شیڈول اپریل کے آخر میں جاری کیا جائے گا،عنایت اللہ

پیر 12 جنوری 2015 22:52

پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء) پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کرلیا‘ انتخابی اتحاد کا فیصلہ دونوں جماعتوں کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی ایک ملاقات میں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے صوبائی وزراء کے وفود کی سطح پر اجلاس ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر‘ عاطف خان‘ مسعود خان‘ شاہ فرمان اور جماعت اسلامی کی جانب سے پروفیسر ابراہیم‘ مظفر سید اور وزیر بلدیات خیبر پختونخواہ عنایت اللہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات مل کر لڑیں گی۔

(جاری ہے)

بلدیاتی انتخابات میں دونوں جماعتیں مشترکہ امیدوار کھڑے کریں گی تاہم ضلع‘ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر امیدوار کھڑے کرنے کا حتمی فیصلہ اور لائحہ عمل بعد میں طے کیا جائے گا۔ دونوں پارٹیوں کا اتحاد اس حوالے سے خاصی اہمیت رکھتا ہے چونکہ ا سے قبل صوبے میں پیپلزپارٹی‘ عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا پہلے ہی انتخابی اتحاد ہوچکا ہے بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات خیبر پختونخوا عنایت اللہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شیڈول اپریل کے آخر میں جاری کیا جائے گا۔

بلدیاتی انتخابات میں دونوں پارٹیاں اپنے اپنے مشترکہ امیدوار کھڑے کریں گی۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات