بوگس ووٹ نکلے تو ایاز صادق سے استعفیٰ خود لوں گا:پرویز رشید

پیر 12 جنوری 2015 19:54

بوگس ووٹ نکلے تو ایاز صادق سے استعفیٰ خود لوں گا:پرویز رشید

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12جنوری۔2015ء) عمران خان کی پریس کانفرنس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ اگر کمشن کی رپورٹ میں ''بوگس'' کا لفظ بھی ہوا تو میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے خود استعفیٰ لے لوں گا۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ خان صاحب سے گزارش ہے کہ کاغذات پڑھنے کا کام کسی اور کو دیدیں کیونکہ عمران خان صاحب کے ہاتھ میں کاغذ پر کچھ اور لکھا ہوتا ہے لیکن بتاتے وہ کچھ اور ہیں ۔

خان صاحب سے گزارش ہے کہ وہ کاغذات پر لکھی باتیں عوام کو بتائیں آخر کب تک عوام کو دھوکا دیتے رہیں گے۔ انہوں نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ جو ووٹ ایاز صادق کے حق میں نکلے ان کا فارنزک ٹیسٹ دنیا کی کسی بھی لیبارٹری سے کروا لیا جائے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے 13 اگست 2014کو حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمشن کی پیشکش کو قبول نہیں کیا اور دھرنا دیدیا۔

عمران خان صاحب آج بھی جوڈیشل کمشن کا قیام نہیں چاہتے حالانکہ حکومت تیار بیٹھی ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ '' تم جتنے تھیلے کھولو گے۔ ہر تھیلے سے شیر نکلے گا''۔ پرویز رشید نے الزام عائد کیا کہ دہشتگردوں کیخلاف جب بھی کارروائی شروع کی جاتی ہے تو عمران خان ان کے سٹریٹجک پارٹنر بن جاتے ہیں۔ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب شروع ہوا تو عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنا دیدیا اب جبکہ دہشتگردوں کیخلاف فوجی عدالتیں بننے جا رہی ہیں تو اب یہ دوبارہ دھرنا دینے جا رہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان کو اور دہشتگردوں کو 16 دسمبر کیوں پسند ہے؟۔ عمران خان نے جس دن پاکستان بند کرنے کا اعلان کیا ٹھیک اسی دن دہشتگردوں نے قوم کے معصوم بچوں کو شہید کیا تھا۔ عمران خان صاحب اور دہشتگردوں کی ایک ہی تاریخ کیوں ہوتی ہے؟