Live Updates

این اے 122دھاندلی کیس،سردار ایاز صادق کی عمران خان پر واضح برتری ،بوگس ووٹ نکال دیے جائیں پھر بھی ایاز صادق جیت جائیں گے، وکیل ایاز صادق

پیر 12 جنوری 2015 12:29

این اے 122دھاندلی کیس،سردار ایاز صادق کی عمران خان پر واضح برتری ،بوگس ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122دھاندلی کیس کی رپورٹ انکوائری کمیشن نے الیکشن ٹربیونل میں جمع کرادی ہے جو الیکشن ٹربیونل نے فریقین کے حوالے کردی ،رپورٹ کے مطابق عمران خان نے 83,542جبکہ ایاز صادق نے 92,293ووٹ حاصل کیے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے موقف اپنایاکہ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے فیصلہ آنے سے قبل ہی اپنا موقف دیدیا جس پر الیکشن ٹربیونل کے جسٹس کاظم ملک نے برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ اُنہوں نے ابھی فیصلہ سناناہے لیکن آپ نے اپنے اپنے فیصلے سناکر پریشان کردیا، رپورٹ کی کاپیاں فریقین کو فراہم کردیتے ہیں ۔

جسٹس کاظم ملک نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی وزیرکو کم علمی کی وجہ سے الیکشن ٹربیونل کا پتہ ہی نہیں ، معلوم ہوناچاہیے کہ رپورٹ ٹربیونل میں جمع ہوتی ہے ، الیکشن کمیشن میں نہیں ۔

(جاری ہے)

سابق جج غلام حسین اعوان پر مشتمل انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق حلقے میں کل 1,80,115ووٹ کاسٹ ہوئے ، 284 پولنگ سٹیشن پر کاﺅنٹرفائلز، چودہ اور پندرہ فارم نمبر کی جانچ پڑتال کی گئی ۔

رپورٹ کے متن میں بتایاگیاہے کہ 204پولنگ سٹیشنوں کے نمبرآپس میں نہیں ملتے جبکہ 15تھیلوں کی سیلیں ٹوٹی ، 10کی خراب تھیں ،100تھیلوں سے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ فارم نمبر 14موجود نہیں تھاتاہم مسلم لیگ ن کے سردار ایازصادق کو تحریک انصاف کے عمران خان پر واضح برتری حاصل ہے ۔ ایاز صادق کے وکیل کا کہناتھاکہ 3642ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی اور اُسے اگر نکال بھی دیں تو تب بھی سردار ایاز صادق کی واضح برتری ہے ۔ رپورٹ سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ دھاندلی قراردے رہے ہیں تو کچھ لوگ اِسے الیکشن کمیشن کے عملے کی بے ضابطگی قراردینے پر مصر ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات