ایم کیوایم کے مطالبات مان لیے گئے،فیصلے پر نظرثانی کریں : شرجیل میمن

اتوار 11 جنوری 2015 11:40

ایم کیوایم کے مطالبات مان لیے گئے،فیصلے پر نظرثانی کریں : شرجیل میمن

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11جنوری۔2015ء) صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے مطالبات مان لیے گئے ہیں اور وہ گذارش کرتے ہیں کہ پیر کو بچوں کے سکول کھلنے کاپہلادن ہے ، متحدہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں ۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شرجیل میمن کاکہناتھاکہ کراچی میں ڈاکٹر، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے کارکن و رہنماءقتل ہوئے ، دہشتگردی کا مسئلہ چل رہاہے ، حکومت کی ترجیح امن وامان کا قیام ہے اور اس کے لیے تمام اقدامات کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

اُن کاکہناتھاکہ ایم کیوایم کے مطالبے پر ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو معطل کردیاگیا، جج سے انکوائری کرانے کا حکم دے دیاگیاہے ،تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد جو بھی قصور وار ہوگا، سزاہوگی ۔اُن کاکہناتھاکہ خود اُنہوں نے فیصل سبزواری اور دیگر رہنماﺅں کے ساتھ رابطے کیے ، قمر منصور سے رابطے کی کوشش کی لیکن اُنہوں نے بات کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ بات کریں تو کرسکتے ہیں لیکن شرجیل میمن یانچلے طبقے سے نہیں ، دکھ ہواہے ۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن کاکہناتھاکہ خود وزیراعلیٰ سندھ کے گورنر سندھ سے آٹھ سے دس دفعہ رابطہ ہواہے ، حکومت نہیں چاہتی کہ کسی بھی شہری کی جان جائے ۔ اُنہوں نے بتایاکہ متحدہ کے تحفظات دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن تین ہفتوں کی بندش کے بعد پیر کو دوبارہ سکول کھل رہے ہیں ، دہاڑی دار مزدوروں کیلئے مشکل ہوگی ، وہ درخواست کرتے ہیں کہ شٹرڈاﺅن کے فیصلے پر نظرثانی کریں ۔