ایم کیوایم کا کارکن کے قتل کے خلاف( آج)ملک بھرمیں پرامن یوم سوگ منانے کااعلان،

کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام دکانداروں ، تاجروں اورٹرانسپورٹرز اپنی سرگرمیاں بندرکھ کراس ظلم کے خلاف اپنااحتجاج ریکارڈکرائیں،ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی اپیل

ہفتہ 10 جنوری 2015 23:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کاایک ہنگامی اجلاس ہواجس میں ایم کیوایم ملیرسیکٹرکے کارکن فرازعالم کی پولیس حراست کے دوران بدترین تشددکے ذریعے ماورائے عدالت قتل اورایم کیوایم اورنگی ٹاوٴن سیکٹرکے کارکن ندیم احمدکی مذہبی انتہاپسنددہشت گردوں کے ہاتھوں قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی۔

رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیاہے کہ ایم کیوایم کے کارکن فرازعالم کے ماورائے عدالت قتل اور ندیم احمد کے قتل کے خلاف کل بروز اتوارکوملک بھرمیں پرامن یوم سوگ منایاجائے گا۔یوم سوگ کے سلسلے میں سندھ بھرمیں ٹرانسپورٹ اورکاروباری وتجارتی سرگرمیاں بندرکھی جائیں گی جبکہ پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اورآزادکشمیرمیں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام دکانداروں ، تاجروں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے اس ظلم کے خلاف بطوراحتجاج اپنی دکانیں اورکاروباربندرکھیں اوراس ظلم کے خلاف اپنااحتجاج ریکارڈکرائیں۔رابطہ کمیٹی نے سندھ بھر کے ٹرانسپورٹرز حضرات سے بھی اپیل کی ہے وہ اس ظلم کے خلاف ٹرانسپورٹ بندرکھ کر مظلوموں کاساتھ دیں۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکن فرازعالم کی پولیس حراست میں تشددکے ذریعے قتل اورکالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے ہاتھوں اورنگی ٹاوٴن سیکٹرکے کارکن ندیم احمدکے قتل کے خلاف کل بروزاتواریوم سوگ منانے کے فیصلے کی توثیق کی ہے ۔