الطاف حسین کامیر پورخاص میں جرأ ت وہمت سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے پولیس افسران اور اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین ،

اہلکاروں نے جواں مردی کے ساتھ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے پولیس کے ادارے کا سر فخر سے بلند کیا ہے، الطاف حسین

ہفتہ 10 جنوری 2015 23:38

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے میر پورخاص میں گزشتہ رات ہونے والے پولیس مقابلے کے دوران جرأ ت وہمت سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ صوبہ سندھ کے اندرونی علاقے بدنام ڈاکوو ٴں کیلئے جنت بنے ہوئے ہیں جہاں سے وہ ملک بھر بالخصوص سندھ کے مختلف شہروں میں لوٹ مار، اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور انہوں نے سندھ کے غریب ہاریوں کسانوں اور گاوٴں گوٹھوں کے رہائشیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔

جنا ب الطاف حسین نے کہا کہ میر پورخاص میں مقابلے کے دوران شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں نے جواں مردی کے ساتھ لڑ کر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے نا صرف پولیس کے ادارے کا سر فخر سے بلند کیا ہے بلکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں بالخصوص سندھ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کے ضمیروں کو جھنجھوڑا ہے اور اب یہ صوبائی حکمرانوں اور پولیس کے اعلیٰ افسرا ن پر فرض ہے کہ وہ اندرون سندھ لوٹ مار اور اغواء برائے تاوان میں ملوث بدنام ڈاکووٴں کے خلاف فوری اورسخت کارروائی کرکے سندھ کے مظلوم عوام و ہاریوں کسانوں کی جان مال و نجی املاک کو تحفظ فراہم کروائیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقابلے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کے درجات بلند فرمائے زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔