الطاف حسین کاسندھ میں گنے کے کاشت کاروں کے مسائل پر سندھ حکومت کی سرد مہری پر اظہار تشویش

ہفتہ 10 جنوری 2015 23:38

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سندھ میں گنے کے کاشت کاروں کے مسائل پر سندھ حکومت کی سرد مہری پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے ۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں من گنا شگر ملز کے باہر موجود ہے لیکن مل مافیہ شگر ملز کو بند کرکے سندھ کے عوام کو زرعی طور پر مفلوج بنانے کی سازشیں کرکے عوام پرظلم کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شگر ملز مالکان نے کاشتکاروں کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے اور اپنے اس عمل کے ذریعے وہ سندھ کے کاشتکاروں کو نئے بحران میں مبتلا کررہے ہیں لیکن شگر ملز مالکان کے اس رویے کے خلاف ایم کیوایم سندھ میں گنے کے کاشتکاروں اور سندھ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے اور اس ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ شگر ملزمالکان اپنے طرز عمل کو درست کرکے سندھ دشمنی سے بعض رہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر شگر ملز مالکان نے گنے کے کاشتکاروں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل نہیں کئے تو اس سلسلے میں ایم کیوایم جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔