دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہے ‘ گورنر پنجاب ،

عہدہ ،اختیارات درحقیقت انسان کی آزمائش ہے ، لوگ ہمیشہ انہی کو یاد رکھتے ہیں جو اپنے اختیارات کو عوام کی بہتری کیلئے استعمال کرتے ہیں، چوہدری محمد سرور کا مختلف ادوار میں گورنر پنجاب کے عہدے پر اپنی خدمات سرانجام دینے والی شخصیات ،ان کے اہلخانہ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 10 جنوری 2015 23:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پوری قوم اس وقت ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہے ،عہدہ اور اختیارات درحقیقت انسان کی آزمائش ہے ، لوگ ہمیشہ انہی کو یاد رکھتے ہیں جو اپنے اختیارات کو عوام کی بہتری کے لئے استعمال کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں مختلف ادوار میں گورنر پنجاب کے عہدے پر اپنی خدمات سرانجام دینے والی شخصیات اور ان کے اہل خانہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ انہیں یاد رکھتی ہے جو طاقت کے استعمال کو ملک و قوم کی بہتری کے لئے استعمال کرتے ہوئے خود کو عوامی خدمت کے لئے وقف کردیں اور ہمیں چاہئے کہ ہم جس بھی عہدے یا حیثیت میں کام کر رہے ہوں ہمارا مطمہٴ نظر صرف اور صرف عوام کی خدمت ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پنجاب کے سابق گورنرز کو اکٹھا دیکھ کر انہیں جو مسرت اور اطمینانیت کا احساس ہوا ہے انہیں الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑے بڑے عہدے ہمیشہ عارضی ہوتے ہیں جبکہ انسان کے کارنامے کبھی نہ ختم ہونے والے ایسے باب ہیں جن سے آنے والی نسلیں بھی راہنمائی اور سبق لیتی ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہر ایک سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خوبی ایسی رکھی ہوتی ہے جو انہیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے آج بھی سابق گورنرز اور ان کے اہل خانہ کے لئے کھلے ہیں اور وہ اُنہی کی شاندار روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے تقریب میں شرکت کرنے والے سابق گورنرز اور ان کے اہل خانہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں گورنر ہاؤس لاہور میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں تنظیم” اپ فار سکول“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ قوموں کے عروج کا تعلق براہِ راست انسانی وسائل کی ترقی سے ہے جس کے لیے معیاری تعلیم کو عام کرنا نا گزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی تعلیم کا حصول ہر بچے کا پیدائشی حق ہے اور ہر بچے کو اس کا یہ حق دلانے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں پانچ کروڑ اسی لاکھ سے زائد بچے سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کرنے کی بجائے محنت مزدوری کرنے اور مختلف کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ پاکستان میں بھی اسی حوالے سے صورتحال مایوس کن ہے یہاں ستر لاکھ بچے سکول سے دور ہیں ۔

انہوں نے زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی سہولتیں دینے کے لیے تعلیمی اساداروں ، اساتذہ ، وائس چانسلرز حضرات اور دانشور طبقے کو کردار ادا کرنے کی ہدائت کی ہے ۔ اس موقع پر تنظیم کے زیر اہتمام تعلیم کے فروغ کے لیے شروع کی گئی خصوصی مہم کے سلسلے میں گورنر پنجاب نے دستخط کیے ، جس کے بعد مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز حضرات اور اہم شخصیات نے بھی دستخط کرتے ہوئے تعلیم کے فروغ کی اہمیت پر مہر ثبت کی۔

متعلقہ عنوان :