نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت پولیو وائرس کے یکسر خاتمہ کے لئے پرعزم ہے،حاجی محمد اکرم انصاری،

اس سلسلے میں ہمہ جہت اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ آئندہ نسل کو صحت مند اورتوانا رکھا جاسکے،چےئرمین قائمہ کمیٹی ہاؤسنگ اینڈ ورکس

ہفتہ 10 جنوری 2015 22:34

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت پولیو وائرس کے یکسر خاتمہ کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہمہ جہت اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ آئندہ نسل کو صحت مند اورتوانا رکھا جاسکے۔یہ بات چےئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس/ایم این اے حاجی محمد اکرم انصاری نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آبادمیں بچوں کو ویکسین کے قطرے پلا کر12جنوری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی قومی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

ای ڈی اوہیلتھ ڈاکٹروقارصادق،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مسعوداقبال بخاری کے علاوہ دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایم این اے نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے ملک میں پولیو وائرس کی ابھی تک موجودگی کا سخت نوٹس لیا ہے اور انہوں نے متعلقہ محکموں کو سو فیصد رزلٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پولیو وائرس کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہر سطح پر کوششوں میں کمی نہیں آنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو کیخلاف بار بار مہم چلانے کا مقصد وطن عزیز کو اس بیماری سے پاک کرنا ہے لہذا والدین کا یہ قومی فریضہ ہے کہ وہ ہر مہم میں اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ کسی جگہ پولیو وائرس کی موجودگی کا احتمال نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ والدین سمیت شہریوں کو پولیو وائرس کے خطرات سے آگاہ کرنے کے سلسلے میں ڈی سی اونورالامین مینگل اور محکمہ صحت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں جس کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ ڈی سی اونورالامین مینگل کی ہدایت پر انسداد پولیو مہم کے خاطر خواہ نتائج کے حصول کے لئے جامع پلان پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔اس سلسلے میں مہم کے انتظامات اورویکسین کے قطرے پلانے کے عمل کی کڑی نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 12سے 14جنوری کو پولیو مہم پر عملدرآمد کے علاوہ مزید دودن کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں متحرک رہیں گی تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلائے جاسکیں۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران 13لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے سٹاف کی ٹریننگ کے علاوہ دیگر تمام ترانتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :