سکولوں کو مکمل تحفظ دینا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے ،ڈاکٹر حید ر اشرف،

پولیس کے ساتھ سکولوں کی انتظامیہ کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے سکولوں میں حفاظتی انتظامات مکمل کروائیں، ڈی آئی جی آپریشنز

ہفتہ 10 جنوری 2015 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حید ر اشرف نے کہا کہ سکولوں کو مکمل تحفظ دینا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے پولیس کے ساتھ ساتھ سکولوں کی انتظامیہ کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے سکولوں میں حفاظتی انتظامات مکمل کروائیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادے ناکام بنائے جا سکیں پولیس عوام کی مدد کے بغیر دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی ۔

ہمیں مل جل کر اپنے معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنا ہو گا۔ جس کے لیے ہمیں اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا پڑے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سکولوں کی سکیورٹی سے متعلق تمام سکولوں کے پرنسپل حضرات سے ملاقات اور اجلاس کے دوران کیااس موقع پر ایس پی ہیڈکواٹر عمرسعید، A پلس اور Bکیٹگری کے سکولوں کے پرنسپل حضرات بھی موجود تھے ایس پی ہیڈکواٹر عمر سعید نے سکولوں کی سکیورٹی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے ،پینک بٹن اور اسلحہ سے متعلق پروجیکٹر پر بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حید ر اشرف نے اس موقع پر کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد لاہو ر پولیس نے فوری طور پر اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام سکولوں کی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور احساس دلایا کہ اگر آج بھی ہم سانحہ پشاور سے نظریں چرائیں گے تو کل کو خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقعہ کے ذمہ دار ہم ٹھہریں گے اس لیے سکولوں کی سکیورٹی کے متعلق SOPبنا کر تمام سکولوں میں حفاظتی انتظامات کروانے کی ہدایت کی ہے انہوں نے پرنسپل حضرات سے مخاطب ہوکر کہا کہ ہم نے آپ کے سکیورٹی گارڈز کی 02روزہ تربیت کروا دی ہے ۔

اس تربیت میں ان کو اسلحہ چلانے ،اسلحہ کھولنے اور سکول کے دروازے پر نامعلوم افراد کی صورت میں چیکنگ کے بارے بتایا گیا ہے تمام ڈویژنز موک ایکسرسائزز جاری ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن اور جنرل ہولڈاپ کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سکولوں میں تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز بھرتی کیے جائیں اور سکولوں کے متعلق SOPبنانے کا مقصد آپ کے بچوں اور سکولوں کو محفوظ بنانا ہے نہ کہ آپ کو کسی قسم کی دشواری دینا۔

لاہور پولیس کی اولین کوشش ہے کہ لاہور میں پشاور جیسا کوئی سانحہ نہ ہو پائے یہ بات قابل ذکر ہے کہ انہوں نے کہا کہ تمام سکولوں میں پینک بٹن لگوائے جائیںِ۔سکولوں کے اردگرد پٹرولنگ جاری ہے سکولوں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی طور پر کوئیک ری ایکشن فورس بنائی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر گشت کرے گی ۔ہرسکول کے ارد گرد آبادیوں میں سرچ آپریشن کیا جائے گا ۔آخر میں سکولوں کے پرنسپل حضرات نے لاہور پولیس کی اس کاوش کوسراہا اور کہا کہ لاہور میں سکولوں کی انتطامیہ کو سکیورٹی انتطامات کروانے اور سکیورٹی گارڈزکو تربیت دینے پر لاہور پولیس کے مشکور ہیں اور لمحہ بہ لمحہ لاہور پولیس کے ساتھ مکمل رابطہ میں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :