پی ایچ ایف کا مالی بحران کے باعث قومی ہاکی ٹیم کو اگلے ماہ چین نہ بھیجنے اور اذلان شاہ کپ سے بھی دستبرار ہونے کا فیصلہ ،

قومی ہاکی ٹیم نے فروری کے پہلے ہفتے چین کے دورے میں میزبان ٹیم کے خلاف چھ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لینا تھا، فنڈز کی کمی کے باعث اپریل میں ملائیشیا میں ہونیوالے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے بھی کا نام واپس لینے کا فیصلہ

ہفتہ 10 جنوری 2015 18:16

پی ایچ ایف کا مالی بحران کے باعث قومی ہاکی ٹیم کو اگلے ماہ چین نہ بھیجنے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مالی بحران کے باعث قومی ہاکی ٹیم کو اگلے ماہ چین نہ بھیجنے اور اذلان شاہ کپ سے بھی دستبرار ہونے کا فیصلہ کیا ہے،قومی ہاکی ٹیم کو چین کے دورے میں میزبان ٹیم کے خلاف چھ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لینا تھا۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کا دورہ فروری کے پہلے ہفتے میں شروع ہونا تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ فیڈریشن اس وقت شدید ترین مالی مسائل کا شکار ہے جس کے باعث اس کے لیے قومی ٹیم کو دورے پر بھیجنا ممکن نہیں ۔ ٹیم کا یہ دورہ جولائی میں ہونے والے اولمپک گیمز کے کوالیفائنگ رانڈ کی تیاری کا حصہ ہے۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپریل میں ملائیشیا میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے بھی قومی ٹیم کا نام واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس کی وجہ بھی فنڈ کی کمی بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس کے مالی مسائل حل کرنے پراب تک کوئی توجہ نہیں دی۔ ان حالات میں پی ایچ ایف کے پاس قومی ٹیم کو انٹرنیشنل ایونٹس سے دستبردار کروانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ۔ قومی سطح کے مقابلوں کی تعداد میں بھی کمی کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت نے پی ایچ ایف کو سالانہ پچاس کروڑ روپے گرانٹ کی سمری وزیر اعظم کو بھیج دی ہے جس پر چار ماہ سے کوئی کارروائی نہیں ہوسکی اور نہ ہی ایشین گیمز اور چیمپئنز ٹرافی میں سلور میڈلز جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وزیر اعظم سے ملاقات ہوسکی ہے جو تین مر تبہ طے ہونے کے بعد ملتوی کردی گئی۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شر کت عمر ایسوسی ایٹ کے ڈائریکٹر ندیم عمر کی اسپانسر شپ کی وجہ سے ممکن ہو سکی تھی۔

متعلقہ عنوان :