عمران اورریحام خان ،انکے اہل خانہ اورتمام احباب کوشادی کی مبارکبادپیش کرتاہوں، الطاف حسین، ٹی وی چینلزشادی کی خبرضروردیں لیکن تماشہ بناناافسوسناک ہے، ابھی تک سانحہ پشاورکے شہیدوں کاکفن میلانہیں ہوااور ٹی وی چینلز ناچ گانے ،شادیانے اوربھنگڑے دکھا رہے ہیں، ٹی وی چینلزسے گفتگو

جمعہ 9 جنوری 2015 21:01

عمران اورریحام خان ،انکے اہل خانہ اورتمام احباب کوشادی کی مبارکبادپیش ..

لندن( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورریحام خان ،ان کے اہل خانہ اورتمام احباب کوشادی کی مبارکبادپیش کی ہے اوران کیلئے دعاکی ہے۔گزشتہ روزمختلف ٹی وی چینلزسے اس بارے میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے ٹی وی چینلزپر شادی کی خبروں اوررپورٹس کی غیرضروری تشہیرپرشدیدافسوس کااظہارکیا۔

انہوں نے کہاکہ ٹی وی چینلزشادی کی خبرضروردیں لیکن جس طرح ٹی وی پر بھنگڑے ناچ گانے دکھائے جارہے ہیں اورجوتماشہ بنایاجارہاہے وہ افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 16دسمبر2014ء کوپشاورکے آرمی پبلک اسکول کے پھول جیسے بچوں کوطالبان، القاعدہ اورداعش کے دہشت گردوں نے جس طرح گاجرمولی کی طرح کاٹاہے ، جس طرح ان کے خون کی ہولی کھیلی گئی ، اساتذہ کوزندہ جلایاگیا، ابھی تک ان شہیدوں کاچہلم تک نہیں ہوا،ان شہیدوں کاکفن تک میلانہیں ہوااوردوسری طرف ایک شادی کی خبرپر ٹی وی چینلز ناچ گانے ،شادیانے اوربھنگڑے دکھا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایساعمل کرکے سانحہ پشاور کے شہیدوں کے لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑکاجارہاہے اورایساعمل کرکے ٹی وی چینلز اللہ کے جلال کودعوت دے رہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ بہترہوتاکہ عمران خان سانحہ پشاورکے شہداء کاچہلم ہونے دیتے اور اس کے بعد شادی کرلیتے، لیکن اگرانہوں نے اس کاانتظارنہ کیاتوکوئی بات نہیں،ان کی کوئی مجبوری ہوگی، میں انہیں اس بات پرہدف تنقیدنہیں بناناچاہتا کیونکہ میں سمجھتاہوں کہ جنگوں کے دوران بھی شادیاں ہوئیں، میدان کربلا میں بھی شادی ہوئی لیکن وہاں شادی کا فریضہ تواداکیا گیا اس طرح بھنگڑے نہیں ڈالے گئے۔

لہٰذا ٹی وی چینلزکواس بات کاخیال رکھناچاہیے تھا،ٹی وی اینکرز، پروڈیوسرز اور مالکان کواس بات کا ضرور احساس کرناچاہیے، ان کے بھی بچے ہیں،انہیں اللہ تعالیٰ اورسانحہ پشاورکے شہداکے لواحقین کادل دکھانے پر معافی مانگنا چاہیے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں ایم کیوایم کے کارکن ندیم احمدجوکہ کچھ عرصہ قبل عائشہ منزل پر ہونے والے بم دھماکے کے عینی گواہ تھے انہیں طالبان اورلشکرجھنگوی کے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہیدکردیا،ہرشہرمیں معصوم لوگوں کودہشت گردی کانشانہ بنایاجارہاہے لیکن ہمارے ٹی وی چینلزناچ گانے اوربھنگڑے دکھارہے ہیں۔

انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، وزیراعظم نوازشریف ، وفاقی وصوبائی حکومت اوررینجرز کے حکام کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں طالبان، لشکرجھنگوی اورکالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی دہشت گردیاں بڑھ رہی ہیں لہٰذا ان دہشت گردعناصرسے سختی سے نمٹا جائے۔