قومی ایکشن پلان، 4 کروڑ سموں کی تصدیق مکمل، 90 روز میں مزید 10 کروڑ سموں کی تصدیق کا فیصلہ

جمعہ 9 جنوری 2015 20:00

قومی ایکشن پلان، 4 کروڑ سموں کی تصدیق مکمل، 90 روز میں مزید 10 کروڑ سموں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9جنوری۔2015ء) دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کے تحت غیر تصدیق شدہ سموں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور اب تک 4 کروڑ سموں کی تصدیق کر لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت قومی ایکشن پلان جائزہ اجلاس ہوا جس میں نیکٹا اور وزارت داخلہ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 14 کروڑ غیر تصدیق شدہ سموں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور اب تک چار کروڑ سموں کی تصدیق کر لی گئی ہے۔

اجلاس میں آئندہ 90 دنوں میں مزید 10 کروڑ غیر تصدیق شدہ سموں کی تصدیق کا عمل مکمل کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ 1717 ہیلپ لائن پر اب تک 358 کالیں موصول ہو چکی ہیں تاہم زیادہ تر کالوں پر دی گئی معلومات درست نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ تحریک طالبان کے معاونین اور ساتھیوں کی نشاندہی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور صرف پنجاب میں 95 افراد کی شناخت ہوئی ہے جن کے دہشت گرد تنظیموں سے روابط کے خدشات ہیں۔

اجلاس کے دوران لاﺅڈ سپیکر کے غلط استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور شرکاءکو بتایا گیا کہ لاﺅڈ سپیکر کے غلط استعمال پر اسلام آباد میں 176 کیسرز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ آئی جی اسلام آباد نے ان علماءکی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔