تھرپارکر میں ایشیا کے سب سے بڑے آر او پلانٹ کا افتتاح عوامی خدمت کا آئینہ دار ہے،قادر پٹیل،

بھٹوازم درحقیقت عوام کی خدمت اور خوشحالی ہی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس سے انحراف کا سوچ بھی نہیں سکتی،صدر پیپلزپارٹی کراچی

جمعرات 8 جنوری 2015 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) تھرپارکر میں شمسی توانائی سے چلنے والے ایشیاء کے سب سے بڑے آر او پلانٹ کی تنصیب اور اس کے ذریعے 80سے زائد دیہات کویومیہ 8ملین لیٹر پینے کے صاف پانی کی فراہمی نہ صرف اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے بلکہ اس عظیم فلاحی منصوبے کے افتتاح کے بعد ان ناقدین کے بھی منہ بند ہوگئے ہیں جو صبح و شام پاکستان پیپلز پارٹی میں خامیاں ڈھونڈتے تھکتے نہیں تھے۔

ایشیاء کے اس سب سے بڑے آر او پلانٹ کے افتتاح سے تھرپارکر کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کو بلا وجہ ہدف تنقید بنانے والوں کے ارمان 8ملین لیٹر پانی میں بہ چکے ہیں جبکہ مزید 750آر او پلانٹس کی تنصیب سے تھرپارکر میں جو سماجی، مالی اور زرعی انقلاب آنے والا ہے اس سے دنیا کا یہ عظیم ریگستان سرسبزوشاداب خطے میں بدل جائے گا جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اصل مقصد ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل اور جنرل سکریٹری سید نجمی عالم نے تھرپارکر میں شمسی توانائی سے چلنے والے ایشیاء کے سب سے بڑے آر او پلانٹ کی تنصیب کو پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہر قرار دیتے ہوئے کیا اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کو اس عظیم عوامی منصوبے کو اپنی نگرانی میں مکمل کرواکر اس کا افتتاح کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھٹوازم درحقیقت عوام کی خدمت اور خوشحالی ہی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس سے انحراف کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ انھوں نے کہا کہ وقتی طور پر تھرپارکر کے باسیوں کو مفت گندم کی فراہمی کو پاکستان پیپلز پارٹی مسئلے کا حل نہیں سمجھتی بلکہ اس کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے کہ تھرپارکر کے باسیوں کو ان کے اپنے علاقے میں صحت اور معاش کا آبرومندانہ حل پیش کیا جائے اور اسی سلسلے میں تھرپارکر میں تمام بنیادی صحت کے مراکز کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے اور عنقریب مواصلات کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے تھرپارکر سے دودھ اور زرعی اجناس کی منڈیوں تک ترسیل ممکن ہوپائے گی۔

انھوں نے کہا کہ کل کا تھرپارکر نہ صرف سندھ اور پاکستان بلکہ دنیا بھر کے لئے ایک پرکشش اور قدرتی سیاحتی خطہ بن جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تھرپارکر کی مقامی ثقافتی پہچان کو نہ صرف پاکستان بھر میں بلکہ عالمی سطح پر روشناس کروانے کے لئے بھی مخلصانہ کاوشیں کررہی ہے۔ انھوں نے قومی میڈیا بالخصوص کالم نویسوں سے اپیل کی کہ وہ تھرپارکر کے حوالے سے مثبت پہلوؤں کو ضبط تحریر میں لائیں تاکہ نہ صرف تھرپارکر بلکہ پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام دنیا بھر میں جائے۔