کراچی، لیاری کا امن واخوت اور محبت والاتشخص بحال کریں گے،شاہجہان بلوچ

جمعرات 8 جنوری 2015 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) ممبر قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ نے کہاہے کہ لیاری کا امن واخوت اور محبت والاتشخص بحال کریں گے، جرائم پیشہ افراد کا تعلق کسی بھی علاقے سے ہوقابل نفرت ہیں، لیاری کے عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی میرامشن ہے جس سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوکمہارواڑہ کے دورے کے موقع پرعوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے زیرتعمیرسڑک کامعائنہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا۔جبکہ مرزاآدم خان روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کے آغاز پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لیاری کے عوام کی خدمت کرکے دلی راحت محسوس ہوتی ہے ،حکومت علاقے کے لوگوں کے احساس محرومی کو دور کرکے کراچی کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی یافتہ بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مرزاآدم خان روڈ پر اندھیرے کے باعث روزانہ کئی حادثات ہورہے تھے لہٰذاعوام کو درپیش مسئلے کاادراک کرتے ہوئے یہاں پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کروائی جارہی ہے ،ہم کوشش کریں گے کہ یہاں پر روشنی رہے اور عوام حادثات سے محفوظ رہیں۔

واضح رہے مرزاآدم خاں روڈ پر حادثات روز کا معمول بن چکے تھے جس پر علاقہ مکین بہت پریشان تھے۔اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے بعد وہاں کے لوگوں میں خوشی کی لہردوڑ گئی ہے۔دورے کے موقع پر عبداللہ بلوچ، سرفرازخان غازی، میرزمان موندرہ، حاجی حسن بلوچ، دوست محمدلاسی اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنمابھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :