Live Updates

عمران خان نے مجھے پروپوز کیا، سیاست میں آ نے کا ارادہ نہیں: ریحام خان

جمعرات 8 جنوری 2015 23:10

عمران خان نے مجھے پروپوز کیا، سیاست میں آ نے کا ارادہ نہیں: ریحام خان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8جنوری۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نوبیاہتا بیوی ریحام خان نے کہا ہے کہ ہے کہ انہیں شادی کیلئے عمران خان کی طرف سے پروپوز کیا گیا تھا، کپتان کا ان کے بچوں کیلئے پیار دیکھ کر ان سے متاثر ہوئی اور انکار نہ کر سکی کیونکہ پاکستان میں باپ عام طور پر بیٹیوں سے تو پیار کرتے ہیں مگر بیٹوں سے نہیں کرتے۔

شادی کے بعد دیئے گئے پہلے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرح میں بھی یا تو اپنا کام کرتی ہوں اور یا پھر پنے بچوں سے پیار، ہم میں یہ قدر مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سیاسی شخصیت ہیں، ان کی طرف سے مجھ سے سیاست میں آ نے کیلئے کوئی بات نہیں کی گئی، اس سے پہلے بھی مجھے بیرون ملک اور پاکستان سے بھی سیاست میں آ نے کیلئے پیشکش آتی رہی مگر میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ میں ایک صحافی ہوں اور اپنا کام جاری رکھوں گی۔ اپنے شوہر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان ایک نہایت رحم اور پیار کرنے والی شخصیت ہیں اور ایسے بالکل بھی نہیں جس طرح ان کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں۔ عمران خان کی سیاسی زندگی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نظام کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں اور جس طرح وہ کام کرنا چاہتا ہیں اسطرح ان کوئی بھی پاکستان میں انتخابات نہیں جیتنے دے گا اور اگر وہ جیت بھی جائیں تو کوئی ان کو تبدیلی نہیں لانے دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو کام کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کروں گی مگر وہ نہ تو پہلے میرے کام میں مداخلت کرتے ہیں اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے پہلے شادی کی خبروں کی تردید کیوں جاری تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب لوگوں نے دیکھا کہ کس طرح اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر دی جاتی ہیں تو اسی لئے ہمیں یہ سب کرنا پڑا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :