Live Updates

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں ،

وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں کی مالیت پونے 2 ارب روپے سے زائد ہے ،عمران خان کے پاس تین کروڑ 33روپے اثاثے ہیں ، الیکشن کمیشن ، جمشید دستی بدستورسب سے غریب رکن اسمبلی ہیں ، شاہ محمود قریشی کے اثاثوں کی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد ہے ،رپورٹ

جمعرات 8 جنوری 2015 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں کی مالیت پونے 2 ارب روپے سے زائد ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ33 لاکھ روپے ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کی ملکیت میں دو گائے اور ایک بھینس بھی موجود ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور شیخ رشید کے پاس مال و زر کی رکھوالی کے لیے اچھی خاصی مالیت کا اسلحہ موجود ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق جمشید دستی بدستورسب سے غریب رکن اسمبلی ہیں۔الیکشن کمیشن کی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1 ارب 70 کروڑ سے روپے سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

ان کی اپر مال لاہور میں 25 کروڑ روپے کی جائیداد ہے جبکہ وراثت میں ملی زرعی زمین کی مالیت ایک ارب روپے ظاہر کی گئی ہے۔

وزیراعظم کے پاس ایک کروڑ روپے مالیت سے زائد کی 4 گاڑیاں ہیں اور ان کا بینک بیلنس 16 کروڑ روپے ہے۔ وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کا بینک بیلنس 64 لاکھ روپے ہے جبکہ مری میں ان کا 10 کروڑ روپے کا بنگلہ ہے۔وزیراعظم نواز شریف اور کلثوم نواز نے 13کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے جبکہ وزیراعظم کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ33 لاکھ 63 ہزار روپے ہے جبکہ گزشتہ سال کی نسبت عمران خان کے اثاثوں میں 30لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

عمران خان کا زمان پارک میں 7 کنال اور بنی گالہ میں 300 کنال 5 مرلے کا گھر ہے۔ اْن کے پاس 50 لاکھ روپے کی گاڑی اور بینک بیلنس 1 کروڑ 66 لاکھ روپے ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین 2 گائے اورایک بھینس بھی رکھتے ہیں جبکہ بیرون ملک ان کی کوئی جائیداد نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے اثاثوں کی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد ہے، جبکہ ان کا بینک بیلنس 1 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد ہے  وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی مالیت 70 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

ان کے پاس 2 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی 4 گاڑیاں، ایک لاکھ 30 ہزار روپے کی گھڑی اور 24 ہزار روپے مالیت کا اسلحہ ہے۔ مجموعی طور پر اسحاق ڈار کا بینک بیلنس 37 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے 650 کنال کی وراثت میں ملی اراضی ظاہر کی ہے۔ ان کا بینک بیلنس 53 لاکھ روپے ہے چوہدری نثار کے پاس ایک مرسڈیز اور پجارو گاڑی بھی موجود ہے الیکشن کمیشن کے مطابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے پاس کوئی اثاثے نہیں ہیں وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید 2 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں  قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

چوہدری شجاعت نے 10 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثہ جات ظاہر کیے ہیں، ان کا بینک بیلنس 6 کروڑ 37 لاکھ روپے ہے۔ چوہدری شجاعت کے پاس کوئی گاڑی موجود نہیں تاہم وہ 100 تولہ سونے کے مالک ہیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک کے اثاثوں کی مالیت 27 کروڑ روپے سے زائد ہے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اثاثوں کی مالیت 67 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

ان کا بینک بیلنس 10 لاکھ روپے سے زائد ہے ، تاہم ان کے پاس کوئی گاڑی موجود نہیں عوام مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد ہے، جبکہ وہ 6 لاکھ 30 ہزار روپے کا اسلحہ بھی رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے پاس ایک کروڑ 93 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں جبکہ ان کا بینک بیلنس 7 لاکھ 73 ہزار ہے۔ قائم علی شاہ کے پاس بھی کوئی گاڑی نہیں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات