موجودہ حکومت عوامی خدمات کے شعبہ میں بہتری کے لئے پرعزم ہے ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار،

کارکردگی کی نگرانی کے لئے مزید فعال طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے ،اجلاس سے خطاب ، کاروباری برادری ملک کی اقتصادی ترقی بالخصوص ریونیو وصولی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، خیبر پختون خوا چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو

جمعرات 8 جنوری 2015 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ موجودہ حکومت عوامی خدمات کے شعبہ میں بہتری کے لئے پرعزم ہے  کارکردگی کی نگرانی کے لئے مزید فعال طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے جمعرات کو اصلاحاتی ایجنڈا کے تحت حکومتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری سے متعلق ایک جائزہ اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارتوں کی خدمات کی فراہمی میں بہتری پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے وسیع پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس طرح کے نظام کے لئے وسط مدتی بجٹری فریم ورک کے ذریعے عمارتیں پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہیں۔ حکومتی کارکردگی کا نتائج کی شکل میں اظہار کے لئے آئندہ کے اقدامات کے لئے اہم ہے اس موقع پر وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمات کے شعبہ میں بہتری کے لئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

وقت آ گیا ہے کہ اصلاحاتی پیکیج متعارف کرایا جائے جو شہریوں کا اعتماد بڑھانے اور گورننس میں بہتری لا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی نگرانی کے لئے مزید فعال طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ ٹیم کے سربراہ جان گرے نے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے موجودہ نظام میں موجود کمزوریوں کو اجاگر کرتے ہوئے نتائج پر مبنی انتظام کی تجویز دی جس سے حکومتی کارکردگی بہتر ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نتائج پر مبنی انتظام کو ایک بنیادی اصلاحاتی پروگرام کی شکل دی جائے گی۔

اس ضمن میں وزیر خزانہ نے کہا کہ چند وزارتوں میں یہ پروگرام تجرباتی طور پر شروع کیا جانا چاہئے۔وزیرخزانہ کی زیر صدارت طورخم تا جلال آباد 73.6 کلو میٹر طویل ایڈیشنل کیرج وے پر کام میں حائل رکاوٹوں کے جائزہ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقی اور ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے وفاقی وزیر کو منصوبہ کی موجودہ صورتحال، ادائیگیوں کے مسائل اور نظرثانی شدہ لاگت کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ منصوبہ کو نظرثانی شدہ لاگت کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ اس ضمن میں ادائیگیوں کے مسئلہ کو بھی حل کیا جائے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو ہدایت کی ہے کہ جلال آباد ۔ طورخم روڈ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فنانس ڈویژن کے حکام نے بھی شرکت کی۔

بعد ازاں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ایک وفد نے ملاقات کی اور انہیں صوبہ کی کاروباری برادری کو درپیش ٹیکس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ سے خیبر پختونخوا کیلئے خصوصی ٹیکس ریلیف پیکیج دینے کی درخواست کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی اقتصادی ترقی بالخصوص ریونیو وصولی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ حکومت ان کے مسائل کے حل کو اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے چیمبر کے نمائندوں سے کہا کہ وہ ٹیکس سے متعلق تمام مسائل اور ریلیف پیکیج سے متعلق اپنی تجاویز تحریری شکل میں پیش کریں۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ ان تجاویز کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیں۔

متعلقہ عنوان :