گلبرگ کے شاپنگ پلازہ میں حفاظتی جنگلہ نہ ہونے کے باعث تیسرے فلور سے گرکر زخمی ہونیوالی چھ سالہ بچی چل بسی ،

پلازہ زیر تعمیر ہونے کے باوجود مالکان کو کاروبار شروع کرنے کی اجازت دی گئی،پلازہ ہماری حدود میں نہیں ‘ ضلعی انتظامیہ ، ہماری بچی تو چلی گئی ،وزیر اعلیٰ نوٹس لے کر دوسرے کے بچوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچائیں‘ والدین کی اپیل، ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، ڈی جی ہیڈ کوارٹر رانا شہزاد کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی

جمعرات 8 جنوری 2015 22:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) گلبرگ کے شاپنگ پلازہ میں حفاظتی جنگلہ نہ ہونے کے باعث تیسرے فلور سے گرکر زخمی ہونیوالی چھ سالہ بچی ہسپتال میں چل بسی ، پلازہ زیر تعمیر ہونے کے باوجود مالکان کو کاروبار شروع کرنے کی اجازت دی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلازہ ہماری نہیں ایل ڈی اے کی حدود میں آتا ہے ، والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہماری بچی تو چلی گئی لیکن دوسرے کے بچوں کو مو ت کے منہ میں جانے سے بچایا جائے ۔

گزشتہ جمعہ کو چھ سالہ ایمان اپنے والدین کے ہمراہ گلبرگ میں واقع زینوا مال شاپنگ پلازے میں خریداری کے لئے گئی ۔ تیسرے فلور پر شاپنگ کے دوران چھ سالہ ایمان برقی زینوں کے ساتھ خالی جگہ پر حفاظتی جنگلہ نہ ہونے کے باعث نیچے گر کر شدید زخمی ہو گئی تھی جسے شدید تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جو تین روز زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز چل بسی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پلازہ ابھی زیر تعمیر ہے لیکن اس کے باوجود مالکان کو کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ۔ ایمان کے والد شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بچی تو چلی گئی لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ ہے کہ اس کا نوٹس لیں اور دوسرے کے بچوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچائیں۔ جاں بحق ہونے والی بچی کے والد نے پلازہ مالکان کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست دیدی ہے۔ ڈی جی ایل ڈی احد چیمہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ہیڈ کوارٹر رانا شہزاد کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو انکوائری کر کے غفلت کے مرتکب افسران کی رپورٹ پیش کرے گی۔