کوئٹہ ، عبدالمالک بلوچ سے اری چند کی قیا دت میں ہندو پنچائیت کے وفد کی ملاقات ،

وفد نے وزیر اعلیٰ کو مغوی ڈاکٹر منوج کمار کی عدم بازیابی کے حوالے سے اپنے خدشات سے آگاہ کیا

بدھ 7 جنوری 2015 23:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے اری چند کی قیا دت میں ہندو پنچائیت کوئٹہ کے وفد نے ملاقات کی ۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو مغوی ڈاکٹر منوج کمار کی عدم بازیابی کے حوالے سے اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر صوبائی وزیر کھیل و ثقافت میر مجیب الرحمان محمد حسنی، مشیر جنگلات عبید اللہ بابت، رکن صوبائی اسمبلی ولیم برکت، ہوم سیکرٹری اکبر حسین درانی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی، سی سی پی اوکوئٹہ امتیاز شاہ اور دیگر پولیس حکام بھی موجود تھے ۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تعلیمی میدان میں مغوی ڈاکٹر منوج کمار کے خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ حکومت ان کی بحفاظت بازیابی کے لئے ہرممکن اقدام اٹھارہی ہے، انہوں نے کہا کہ اغوابرائے تاوان اور دیگر جرائم کے خا تمے کیلئے پولیس بلا خو ف کا روائی کر ے ،وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ اغوا برائے تاوان و دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائیگی اورحکومت اقلیتوں کوتحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔