کوئٹہ،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کی زیرصدارت اجلاس ،

24دسمبرکو منعقد اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

بدھ 7 جنوری 2015 23:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء ) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی کی زیرصدارت عدالت عالیہ بلوچستان میں بدھ کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف جسٹس عدالت عظمیٰ کی زیر صدارت24دسمبر2014کو منعقد ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس بلوچستان نے متعلقہ اداروں کے سربراہان اور انسداد دہشتگردی کے جج صاحبان کو واضح ہدایات جاری کیں کہ جناب چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت اجلاس میں جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر مکمل عملدرآمد ہو اور ایسے مقدمات جو کہ حقیقی انسداد دہشتگردی کے زمرے میں آتے ہیں ان پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو، نیز متعلقہ اداروں کے سربراہان کو ہدایات دی گئیں کہ وہ گواہان کی حاضری کو یقینی بنائیں اور جج صاحبان اور وکلاء مقدمات کی فوری سماعت اور پیروی کریں اور گواہان جو عدالت میں پیش ہوں ان کی حفاظت کو ہرممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

جناب چیف جسٹس بلوچستان نے فوری طور پر دو خصوصی بینچ تشکیل دیئے جو ہائی کورٹ کوئٹہ اور سبی بینچ میں اس نوعیت کے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں گے اس کے علاوہ متعلقہ اداروں اور پولیس حکام کو ہدایات دی گئیں کہ وہ دورحاضر کی ضروریات کے مطابق تفتیش کو جدید خطوط پر استوار کریں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں جناب چیف جسٹس بلوچستان نے سیکرٹری پراسیکیوشن کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس سلسلے میں فرانزک لیبارٹری قائم کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں اور سیکریٹری داخلہ کو ہدایات دیں کہ وہ لیویز کے افسروں کو جوڈیشل اکیڈمی میں ٹریننگ کرائیں تاکہ مقدمات کی تفتیش درست طور پر ہوسکے یہ بھی طے پایا کہ اجلاس ہرمہینے منعقد ہوگا اور متعلقہ اداروں کے سربراہان گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔

جناب چیف جسٹس بلوچستان نے عدالت عظمیٰ پاکستان کی زیرصدارت اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت نمبر۔1 اور عدالت نمبر۔IIکوئٹہ کو کچہری سے فوری طور پر سیشن کورٹ منتقل کردیاہے اور عدالتوں کی حفاظت کے لئے ہرممکن اقدامات کی ہدایات دی ہیں۔