حکومت قومی مفاد عامہ کے اداروں بجلی، گیس ، ریلوے، پی آئی اے کی مجوزہ نج کاری نہ کرے،خورشید احمد،

ملک کی سیاسی جماعتیں غربت ،جہالت ، بے روزگاری، مہنگائی، جاگیردارانہ نظام ختم کرکے زرعی اصلاحات کے نفاذ کا قومی پروگرام مرتب کریں، "یوم احتجاج" اور مظاہرے سے خطاب

بدھ 7 جنوری 2015 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) ملک کی سیاسی جماعتیں غربت ،جہالت ، بے روزگاری، مہنگائی، جاگیردارانہ نظام ختم کرکے زرعی اصلاحات کے نفاذ کا قومی پروگرام مرتب کریں۔حکومت قومی مفاد عامہ کے اداروں بجلی، گیس ، ریلوے، پی آئی اے کی مجوزہ نج کاری نہ کرے کیونکہ ماضی میں محکمہ بجلی کی نج کاری کا نظام ناکام ہونے کی وجہ سے واپڈا کے حوالے کرنا پڑا ۔

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی واپڈا سے ہر روز 650 میگاواٹ سستی بجلی لیکر رقم ادا نہیں کررہی ہے اور حکومت سے اربوں روپے سالانہ امداد لینے کے باوجود بجلی کو سستا اور لوڈشیڈنگ ختم نہیں کراسکی-ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز مقررین نے ہزاروں محنت کشوں کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر "یوم احتجاج" منانے اور مظاہرے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن ، آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین ، لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن اور ریلوے ورکرز یونین، نیشنل بینک آف پاکستان ایمپلائز یونین ، آل پاکستان ایریگیشن لیبر فیڈریشن ودیگر صنعتی مزدور تنظیموں کے نمائندگان و کارکنوں نے شرکت کی۔

مظاہرین سے بزرگ مزدور راہنماء خورشیداحمد مرکزی جنرل سیکرٹری آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے، انجینئرز ایسوسی ایشن کے سنیئر نائب صدر امجد حسین ناگرا اور جنرل سیکرٹری رمضان بٹ، روبینہ جمیل صدر، اکبر علی خان ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ، چوہدری انور صدر ریلوے ورکرز یونین سی بی اے، نیاز خان اور ارشد انصاری صدر لاہور پریس کلب نے بھی خطاب کیا۔

خورشید احمد نیحکومت سے پْرزور مطالبہ کیا کہ بجلی کا نظام بہتر کرنے کے لئے کمپنیوں کا نظام بھی نجی ارکان بورڈ آف ڈائریکٹر کی بجائے واپڈاکے حوالے کرے اور اسے قومی مفاد میں مجوزہ نج کاری کے حوالے نہ کرے اس سے بجلی مزید مہنگی ہوگی اور بین الصوبائی تنازعات پیدا ہوں گے نیز یہ مطالبہ کیاگیا کہ ملک کے تمام محب الوطن عناصر متحد ہوکر افواج پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو کامیاب کریں- محکمہ بجلی کے ملازمین کو بجلی چوری روکنے کے دوران بجلی چوروں کے خلاف تحفظ فراہم کیاجائے اور رائے ضیاد احمد ایس ڈی او کو ڈیوٹی کے دوران شہید اور اسد خان پر قاتلانہ حملہ کرنیوالے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے ۔

آخر پر ایک قرار داد کے ذریعے بھارت کی آزاد کشمیر پر گولہ باری کی شدید مذمت کی گئی-