عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، میر خالد خان لانگو،

قلات اور خالق آباد کے عوام کو جلد گیس کی فراہمی کی خوشخبری دیں گے ،صوبائی مشیر خزانہ

بدھ 7 جنوری 2015 23:09

خالق آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) مشیر خزانہ میر خالد خان لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے قلات اور خالق آباد کے عوام کو جلد گیس کی فراہمی کی خوشخبری دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالق آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد یہ احد کر لیا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں گی جس سے اس پسماندہ صوبہ کے عوام کی طرز زندگی میں بہتری لائی جاسکے حکومت میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں نے ہمیشہ سے یہاں کے عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی یہی وجہ ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد حکومت کی اولین ترجیح یہاں ماضی کی زیادتیوں کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں موجودہ حکومت اس ضمن میں تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم قلات ‘ خالق آباد کے عوام کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ان کے مسائل کو حل کرتے ہوئے یہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا اور اس میں سب سے اہم سوئی گیس کی فراہمی کے حوالے سے عوام کو جلد خوشخبری سنائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کا ادراک رکھتے ہیں کہ عوام نے ہمیں ووٹ دیا ہے اور اس ووٹ کی شکل میں ان کی ہم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جنہیں ہم کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے موجودہ حکومت تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کررہی ہے عوام نے جیسے ہم پر پہلے اعتماد کیا ہم امید کرتے ہیں کہ عوام کا اعتماد ہم پر بحال رہے گا اور عوامی طاقت سے ہم بلوچستان کو تعمیر و ترقی کی نئی راہ پر گامزن کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :