موجودہ صوبائی حکومت سیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے،میر اسرار اللہ زہری،

انسداد دہشت گردی کے مقدمات کی چھان بین کی آڑ میں بھی حکمران سیاسی انتقام کو دوام بخشیں گے ،سربراہ بی این پی (عوامی)

بدھ 7 جنوری 2015 23:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ سینیٹر میر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت سیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے انسداد دہشت گردی کے مقدمات کی چھان بین کی آڑ میں بھی حکمران سیاسی انتقام کو دوام بخشیں گے اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دعوؤں اور اعلانوں کے باوجود سیاسی تنقید برداشت نہیں کرسکتی اور یہی وجہ ہے کہ قوم پرست حکمران آج اپنے سیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیوں کا سہارا لے رہے ہیں جو ایک جمہوری حکومت کو زیب نہیں دیتا انہوں نے کہا کہ یہ بھی ہماری شنید میں ہے کہ انسداد دہشت گردی کے مقدمات کی چھان بین کیلئے بنائی جانیوالی کمیٹی میں وزراء کو شامل کیا جارہا ہے جسے ہم سیاسی بدیانتی سمجھتے ہیں کیونکہ ایک بارپھر صاحب اقتدار انسداد دہشت گردی کے مقدمات کی چھان بین کی آڑ میں انتقامی کارروائیوں کا آغاز کریں گے اور ان مقدمات میں کہیں نہ کہیں سیاسی مخالفین پھسانے کی کوشش کی جائے گی لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ مقدمات کی چھان بین کیلئے قابل افسران اور غیرجانبدارانہ لوگوں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔