وزیر اعلیٰ کی پشاور میں جدید بس ٹرمینل کی تعمیر کی ہدایت

بدھ 7 جنوری 2015 22:57

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور میں جنرل بس سٹینڈ کے بالمقابل تمام سہولتوں سے آراستہ جدید بس ٹرمینل کے ڈیزائن کی منظوری دیتے ہوئے اسکی بی او ٹی کی بنیاد پر تعمیر کیلئے خواہشمند بین الاقوامی تعمیراتی کمپنیوں کو مسابقت کی بنیاد پر حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بس ٹرمینل اور جنرل بس سٹینڈ میں مسافر گاڑیوں کی آمد و رفت انتہائی منظم ہونی چاہیئے اور دونوں لاری اڈوں کے سامنے جی ٹی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بالکل پاک صاف رہنا چاہیئے تا کہ یہاں ٹریفک اژدھام ختم ہو اور مسافروں کے علاوہ عام لوگوں کو بھی گھنٹوں ٹریفک جام اور دیگر مشکلات سے ہمیشہ کیلئے نجات ملے گی انہوں نے نمک منڈی میں فوڈ سٹریٹ کے قیام اور اندرون شہر بالخصوص بورڈ بازار سے لیکر گلبہار اور رنگ روڈ تک شہر سے گزرنے والی نہروں کے دونوں اطراف کو تجاوزات سے پاک کرکے کشادہ بنانے کی سکیم کی منظوری بھی دی تاکہ انہیں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے متبادل شاہراہوں کے طور پر استعمال کیا جا سکے انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی، بلدیہ پشاور اور پی ڈی اے کو فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور کو شہر کی خوبصورتی پر مبنی تمام منصوبے دو مہینوں کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی وہ پشاور کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان، سیکرٹری انفارمیشن و کلچر محمد اسرار خان، ڈپٹی کمشنر پشاور ظہیر لاسلام، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ پشاور سید ظفر علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل پشاور ترقیاتی ادارہ خوشدل خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی پرویز خٹک نے گھنٹہ گھر سے مچھلی منڈی کے خاتمے کے بعد اس تاریخی مینار کی تزئین و آرائش اور اسکے اطراف میں پودوں کی کیاریوں اور چھوٹے فواروں پر مشتمل دلکش ڈیزائن نیز رات کی روشنی کیلئے برقی قمقمے لگانے کی منظوری بھی دی جس سے گھنٹہ گھر کی خوبصورتی میں چار چاند لگ جائیں گے اسی طرح انہوں نے رامداس بازار تا ڈبگری چوک اور گلبہار پولیس سٹیشن تا انم صنم و لاہوری چوک تک سڑک کو دورویہ کرنے کی سکیم پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں سولر سٹریٹ لائٹس سے آراستہ کرنے کی ہدایت بھی کی انہوں نے اس ضمن میں بلدیہ پشاور کو موجودہ 30کروڑ روپے کے فنڈز کے علاوہ بوقت ضرورت مزید فنڈ مہیا کرنے کی منظوری بھی دی ڈی سی پشاور نے بتایا کہ بس ٹرمینل کی تعمیر کیلئے قطر اور چین کی ماہر تعمیراتی فرموں نے حکومتی سطح پر رابطہ کیا ہے تاہم وزیر اعلیٰ نے زیادہ بہتر نتائج اور شفاف مقابلے کی فضا ہموار کرنے کیلئے مزید فرموں کی پیشکشیں حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ اس ضمن میں وقت کا ضیاع کسی صورت نہیں ہونا چاہئے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تجاوزات کے خلاف مہم میں مقامی تاجر و دکاندار برادری کا پورا تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے جبکہ تجاوزات کے خاتمے اور راستوں کی کشادگی کے اقدامات کو شہری حلقوں میں بھی بھرپور پذیرائی ملی ہے اور وہ بھی انتظامیہ سے ہر طرح کا تعاون کر رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اخلاص اور ایمانداری سے ہونے والے ہر کام میں برکت اور خوبصورتی آتی ہے اور عنقریب نہ صرف پشاور بلکہ پورے صوبے کے عوام زندگی کے تمام شعبوں میں تبدیلی کے ثمرات سے مستفید ہونا شروع ہونگے درایں اثناء صوبائی وزیر زراعت اکرام اللہ خان گنڈاپور کی زیرقیادت ڈیرہ اسماعیل خان کے ارکان اسمبلی کے وفد نے پرویز خٹک سے سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور ان سے ڈیرہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف معاملات اور سکیموں پر تبادلہ خیال کیا وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ارکان اسمبلی سیاسی امتیازات سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں اور کسی بھی دباؤ یا سفارش کو خاطر میں نہ لائیں کیونکہ یہ کرپشن کی طرح سماجی برائیاں ہیں جو میرٹ اور انصاف کا جنازہ نکال دیتی ہیں موجودہ حکومت نظام کی تبدیلی اور قانون و میرٹ کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور عوام کو ہر سطح پر اور ہر جگہ سماجی انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :