اسلام آباد،مجلس صوت الاسلام پاکستان کے زیراہتمام ملکی تاریخ کے دینی مدارس کے درمیان سب سے بڑا تقریری مقابلہ آج ہوگا ،

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ہونگے

بدھ 7 جنوری 2015 22:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) مجلس صوت الاسلام پاکستان کے زیراہتمام ملکی تاریخ کے دینی مدارس کے درمیان سب سے بڑا تقریری مقابلہ آج ہوگا، پورے ملک سے طلباء حصہ لینگے، جیتنے والے طالب علم کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائیگا، تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق مجلس صوت الاسلام پاکستان کے زیراہتمام کل پاکستان بین المدارس تقریری مقابلے کا فائنل آج جمعرات کو کنونشن سنٹر میں منعقد ہوگا۔

ملک بھر سے علماء و مشائخ، دینی مدارس کے ذمہ داران، طلباء کرام اسلام آباد پہنچ گئے۔ اس مقابلے میں ہزاوں طلباء و نوجوان علماء شرکت کریں گے۔ مقابلے میں چاروں صوبوں آزادکشمیر سمیت گلگت و بلتستان سے کامیابی حاصل کرنے والے بارہ طلباء کے درمیان فائنل مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف ہونگے۔

اس کے علاوہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین، جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی سمیت ملک کے جید علمائے کرام، سیاسی و مذہبی رہنما بھی خطاب کریں گے۔ اس موقع پر فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیب طالبعلم کو دس لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو پانچ لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو اڑھائی لاکھ روپے نقد دیئے جائیں گے۔

فائنل مقابلے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ فائنل مقابلہ میں حصہ لینے والے طلباء کرام بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کنونشن سنٹر کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مقابلے کا مقصد ملک میں جاری شدت پسندی، دہشت گردی، فرقہ واریت اور بین المذاہب فسادات سمیت تمام برائیوں کے خاتمہ کرنا ہے اور نوجوان علماء کو ان تخریبی کارروائیوں سے ہر ممکن بچانے کی کوشش کرنی ہے۔

اس سے قبل پورے ملک میں ڈویژنل اور صوبائی سطح پر مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مسالک کے طلباء کرام نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ ہم آئندہ بھی مدارس کی مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے اور فائنل مقابلے کے بعد ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ایک مشترکہ اور متفقہ اعلامیہ بھی جاری کریں گے

متعلقہ عنوان :