Live Updates

حکومت کو سیاسی قیادت کے اتحاد اور خیر سگالی جذبات کی قدر اور سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے،منظور وٹو،

حکومت فورًا پی ٹی آئی کے جوڈیشل کمیشن کے مطالبے کو تسلیم کرے تا کہ قومی اتحاد کی فضاء متاثر نہ ہو اور دہشتگردوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے،صدر پیپلز پارٹی پنجاب

بدھ 7 جنوری 2015 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے ملکی سیاسی قیادت کے حالیہ اتحاد کو سراہا جسکا انہوں نے ملک سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کیا جو بندوق کی نالی کے ذریعے ملک و قوم پر اپنے دقیانوسی نظریات مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو سیاسی قیادت کے اتحاد اور خیر سگالی کے جذبات کی قدر کرنی چاہیے اور ان پر سیاست کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو فورًا پاکستان تحریک انصاف کے جوڈیشل کمیشن کے مطالبے کو تسلیم کر لینا چاہیے تا کہ موجودہ قومی اتحاد کی فضاء متاثر نہ ہو اور دہشتگردوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی انتخابی دھاندیوں کی متاثرہ پارٹی ہے اور انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات اب قومی مطالبہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پنجاب حکومت کی غلط ترقیاتی حکمت عملی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جو کہ صوبے کے 50فیصد مالی وسائل صرف 8فیصد لاہور کی آبادی پر خرچ کر کے صوبے کی 92فیصد آبادی کو محروم کرنے کی مجرمانہ غفلت کا مرتکب ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی حکمت عملی سماجی اور معاشی انصاف کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مالی وسائل کی بندر بانٹ ختم کرنا ہو گی اسکے لیے انہوں نے کہا کہ پروونشل فنانس کمیشن ایوارڈ تشکیل دیا جائے جو صوبے کے تمام اضلاع کے درمیان منصفانہ مالی وسائل کی تقسیم کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی وسائل کی تقسیم سیاسی بنیادوں کی بجائے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی بنیاد پر ہونی چاہیے ۔

انہوں نے صوبے کی بگڑتی ہوئی امن عامہ کی صورتحال کو پولیس کے محکمے میں سیاسی مداخلت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں سیاسی مداخلت کا قلع قمع کئے بغیر صوبے کی امن عامہ کی صورتحال بہتر ہونا ایک خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔انہوں نے پنجاب حکومت کی شعبہ تعلیم میں مجرمانہ غفلت کو ناقابل معافی قرار دیا اور کہا کہ حکومت کو اس شعبے کے لیے فورًا وافر فنڈز مختص کرنے چاہئیں تا کہ سرکاری کالجوں اور سکولوں کی بگڑتی ہوئی حالت کو سنبھالا دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں سرکاری تعلیمی ادارے سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے بڑی شرمندگی کا باعث ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوتی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات