Live Updates

عمران خان ہوش کے ناخن لیں ،اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے ،ڈاکٹر نفیسہ شاہ/شازیہ مری اور ڈاکٹر شاہدہ رحمانی،

دھرنا سیاست سے صرف ملک دشمن قوتوں کو فائدہ ہوگا،اراکین قومی اسمبلی پیپلز پارٹی

بدھ 7 جنوری 2015 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ، شازیہ مری اور ڈاکٹرشاہدہ رحمانی نے عمران خان کے دوبارہ سڑکوں پر آنے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کیلئے سنگین خطرہ قراردیا ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں کیونکہ مل اس وقت حالت جنگ میں ہے اور دھرنا سیاست سے صرف ملک دشمن قوتوں کو فائدہ ہوگا۔

انھوں نے کہا ہے کہ ایک طرف ملک کا خزانہ خالی ہے جسے مصنوعی طور پر آئی ایم ایف سے لئے گئے قرضوں سے بھردیا گیا ہے تو دوسری جانب دہشت گرد قوم کے معصوم نونہالوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں اور اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اسکولوں پر حملوں کے حوالے سے حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کی منصوبہ بندیوں پر وارننگ جاری کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

دھرنا سیاست سے اس تما م ترصورت حال کا فائدہ صرف ان قوتوں کو ہوگا جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار دیکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ابھی تو اکیسویں ترمیم کی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی کہ عمران خان نے ایک بار پھر دھرنا سیاست کی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان ماضی قریب میں بھی دھرنوں کا تین چوتھائی وقت بنی گالہ میں اپنی پر تعیش آرام گاہ میں گزارتے تھے جبکہ قوم کی بہو، بیٹیاں اور نوجوان کھلے آسمان تلے پڑے رہتے تھے اور اب کہ جب وہ شادی کا باقائدہ اعلان کرنے والے ہیں تو قوم کو بتائیں کہ وہ اپنی بیوی اور قوم کی بچیوں اور بچوں کے ساتھ کس طرح انصاف کریں گے۔

انھوں نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد شادی کرلیں تاکہ ان کی طبعیت میں پختہ پن آجائے اور وہ قوم کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم و ملک کے لئے اپنی خدمات پیش کریں۔ انھوں نے کہا کہ گرچہ عمران خان کی دھرنا سیاست کا پہلے ہی جنازہ نکل چکا ہے اور اندرونی شکست و ریخت سے وہ اب اس قابل نہیں رہے کہ نئی دھرنا سیریز شروع کرسکیں لہذا انھیں اپنی اور اپنی بچی کھچی پارٹی کی عزت داؤ پر لگانے سے گریز کرنا چاہئیے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات