وزیراعظم کا سینٹ سے تمام سیاسی جماعتوں سے اظہار تشکر ، کسی کا نام لینے سے گریز،

کسی ایک جماعت کا نام لوں گا تو دوسرے ناراض ہو جائیں گے، اس کے تحت صرف وہی مقدمات چلیں گے جس کا فیصلہ حکومت کرے گی،یقین دہانی، آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،خطاب میں عزم کا اظہار

منگل 6 جنوری 2015 23:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے سینٹ سے اپنے خطاب کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کا آئینی ترمیم اور آرمی ایکٹ میں ترمیم کیلئے تعاون پر شکریہ ادا کیا تاہم کسی بھی جماعت کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں کسی ایک جماعت کا نام لوں گا تو دوسرے ناراض ہو جائیں گے اور یقین دلایا کہ اس کے تحت صرف وہی مقدمات چلیں گے جس کا فیصلہ حکومت کرے گی اور ہم آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

منگل کو سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہزاروں لوگ دہشت گردی کی نذر ہوچکے ہیں، ہماری معیشت تباہ ہوچکی جسے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ملک میں سزا و جزا کا کوئی تصور باقی نہیں رہ گیا تھا اب قوم نے دہشت گردی کو جڑ سے آکھاڑ کر باہر پھینکنے کا عزم کرلیا ہے، ملک میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور پارلیمانی قائدین کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اس اہم ترین بل پر اپنے مشورے دیئے اور متفقہ رائے سے یہ قانون عمل میں لایا گیا، وہ تمام ارکان کو مبارکباد دیتے ہیں کہ انہوں نے متفقہ طور پر اسے منظور کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس قانون کی مدت 2 برس ہے، اس کے تحت صرف وہی مقدمات چلیں گے جس کا فیصلہ حکومت کرے گی، فوجی عدالتوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے جسے پوری قوم سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور ملک کو ان عناصر سے پاک کریں گے جب کہ جن سیاسی جماعتوں کو اس قانون سے اختلاف ہیں انہیں دور کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

متعلقہ عنوان :