ترمیمی بل کی حمایت نہ کرنے والوں نے یہ تاثر دیا ہے وہ پاکستان سے تھ مخلص نہیں،عبدالرشید گوڈیل،

دہشتگردی کیخلاف آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اسلام اور دہشتگرد الگ ہوگئے ہیں،بل کی منظوری کیلئے تمام جماعتوں کا متفق ہونا خوش آئند بات ہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 6 جنوری 2015 23:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء) ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل نے کہا ہے کہ ترمیمی بل کی حمایت نہ کرنے والوں نے یہ تاثر دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں،دہشتگردی کیخلاف آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اسلام اور دہشتگرد الگ ہوگئے ہیں،بل کی منظوری کیلئے تمام جماعتوں کا متفق ہونا خوش آئند بات ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اسلام اور دہشتگرد الگ ہوگئے ہیں،ترمیمی بل کی منظوری کیلئے ووٹ دینے پر تمام جماعتوں کے شکرگزار ہیں اور پارلیمانی تاریخی روایت برقرار رکھنا بھی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے10سال قبل دہشتگردی کی نشاندہی کی تھی اس وقت ان کا مذاق اڑایا گیا اور 10سال بعد حکومت نے ترمیمی بل منظور کیا،اس پر ہم برملا کہتے ہیں کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے،دہشتگرد اسلام کا نام لیکر مسلمانوں کا قتل عام کرتے ہیں،آج کے بل نے اسلام اور دہشتگردوں کو الگ الگ کردیا ہے،سانحہ پشاور نے پوری قوم کو یکجا کردیا،اس سے قبل بھی سنگین واقعات ہوئے جو کہ قابل افسوس ہے لیکن معصوم بچوں کی روحوں نے عرش کو ہلا کر پوری قوم کو جگا دیا۔ہم جنرل راحیل شریف سے بھی یہ کہیں گے کہ وہ حقوق اور خصوصی عدالتوں میں کسی بے گناہ کو سزا نہ دیں،جو لوگ غلط طورپر کسی بے گناہ کو پکڑیں ان کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل کی حمایت نہ کرنے والوں نے یہ تاثر دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں۔۔

متعلقہ عنوان :