پورے ملک اور خصوصاًبلوچستان میں جلوسوں کے امن و امان سے منعقد ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں،جماعت اہلسنت پاکستان بلوچستان

منگل 6 جنوری 2015 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء) جماعت اہلسنت پاکستان بلوچستان کے صوبائی امیر مفتی محمد صدیق قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ پورے ملک اور خصوصاًبلوچستان میں جلوسوں کے امن و امان سے منعقد ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستا ن ڈاکٹر عبد المالک بلوچ ، سی سی پی او، کمشنر ، ایف سی ، میٹروپولیٹن ، سول ڈیفینس اور تمام سیکیورٹی اداروں کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے بھی بے حد مشکور ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہم آپریشن ضربِ عضب اور قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے کی گئی آئینی ترمیم کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفی ﷺ منانے والے اس ملک کی ترقی میں اپنے پر امن رویے کے سبب ایک موٴثر کردار ادا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمارے اسلاف نے اس ملک کو بنانے کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں آج دہشتگرد ہماری افواج ، سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات ، مساجد ، مزارات اور بچوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ اس ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچا سکیں ، ہم انکی کسی سازش کو ہر گز کامیا ب نہیں ہونے دیں گے ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں اپنے ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آپریشن ضربِ عضب کے دائرے کو پورے ملک میں پھیلایا جائے دہشتگردوں ، ان کے معاونوں اور پناہ گاہوں کا مکمل صفایا کیا جائے ، اللہ تعالیٰ افواجِ پاکستان کا حامی وناصرہو