فیصل آباد چیمبر کا قومی اسمبلی سے متفقہ طور پر 21 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا خیر مقدم

منگل 6 جنوری 2015 23:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے قومی اسمبلی سے متفقہ طور پر 21 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی سمت پہلا ٹھوس قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشتگردی کی آگ میں سلگ رہی تھی اس ناسور کے خاتمہ کیلئے فکری ہم آہنگی کے باوجود سیاسی اور عسکری قوتیں مطلوبہ مقاصد حاصل نہ کر سکیں اور اس کی بڑی وجہ قومی سطح پر اتحاد و یکجہتی کا فقدان تھا۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا اور اس سلسلہ میں دو تہائی اکثریت سے 21 ویں آئینی ترمیم کی منظوری قوم کی مشترکہ امنگوں کی ترجمان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 247 ووٹوں سے اس ترمیم کی منظوری نے ثابت کر دیا ہے کہ پوری قوم سیاسی اختلافات کے باوجود دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پوری طرح متحد اور متفق ہے۔

فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر ندیم اللہ والا نے بھی 21 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اس ترمیم نے دہشتگردوں اور ان کو پناہ دینے والوں کے خلاف موٴثر اور نتیجہ خیز کارروائی کی راہ ہموار کر دی ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس ترمیم کے ذریعے نہ صرف دہشتگردی کا خاتمہ ہو گیا ہے بلکہ اس کے نتیجہ میں ملکی سطح پر کاروباری تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔