سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے والے تعلیمی ادارے مقررہ تاریخ تک کھولے جائیں گے،مشتاق احمد غنی،

بڑے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی سمیت خفیہ کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے، صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 6 جنوری 2015 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ و اعلٰی تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 12جنوری تک سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، مقررہ تاریخ کے بعد سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے والے تعلیمی ادارے ہی کھولے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز پرائیویٹ کالجز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محمد علی شہزاد بھی موجود تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر کو کالجز کی کارکردگی، درپیش مسائل اور سیکیورٹی امور سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام بڑے تعلیمی ادارے سیکیورٹی امور سے متعلق متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں گے جن کے بعد ان کو این اوسی کا اجراء کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنیوالے اداروں کو نہیں کھولا جائے گا اور ایسے اداروں کی رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی جائے گی۔ مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جن پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اوراس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔بعض مقامات سے صوبائی حکومت کی جانب سے تعطیلات کے اعلان کے باوجود سکول کھولے رکھنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے خلاف متعلقہ بورڈز کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور انکوائری کے بعد ان سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی سمیت خفیہ کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ موجودہ حکومت صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :